اسحاق ڈار کا بیان قومی بیانئے سے غداری ہے، حافظ منیر احمد

ڈاکٹر عافیہ کی رہائی ہماری دینی، قومی اور انسانی ذمہ داری ہے،رہنما جمعیت علماء اسلام

ہفتہ 26 جولائی 2025 21:52

کراچی /کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2025ء) جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ منیر حسین احمد نے کہا ہے کہ ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا یہ کہنا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو ہونے والی سزا ’درست‘ ہے اور ’قانونی پراسس‘ کے بعد دی گئی ہے، قومی غیرت کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ صدیقی صرف ایک قیدی نہیں وہ پاکستانی قوم کی بیٹی اور غیرت کی علامت ہے اُن پر ہونے والا ٹرائل جانبدار، غیرمنصفانہ، اور انسانی وقار کے خلاف تھا۔

اسحاق ڈار کا بیان گویا اس ظلم کی توثیق اور پرویز مشرف دور کی غلامانہ پالیسیوں کی تائید ہے، انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کا بیان پرویز مشرف کے اُس غیرفطری بیانیے کی بازگشت ہے جس میں قومی وقار کو چند ٹکوں کے عوض بیچ دیا گیا تھا ایسے بیانات نہ صرف مظلوم کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں بلکہ یہ پاکستانی عوام کے اجتماعی جذبات کی توہین ہے۔

(جاری ہے)

جے یو آئی رہنما نے حکومت پر زور دیا کہ وہ واضح کرے کیا وہ واقعی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے سنجیدہ ہے یا صرف زبانی جمع خرچ ہو رہا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسحاق ڈار اپنے بیان پر قوم سے معافی مانگیں اور حکومت پاکستان عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے بین الاقوامی سطح پر سنجیدہ، مضبوط اور خوددار سفارتی مہم شروع کرے۔