مکہ مکرمہ میں بونیر سے تعلق رکھنے والے عمرہ زائرین کے حادثے میں انتقال پر صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہان کا گہرے رنج و غم کا اظہار

ہفتہ 26 جولائی 2025 21:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) خیبرپختونخوا کے وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سید فخر جہان نے مکہ مکرمہ میں بونیر سے تعلق رکھنے والے عمرہ زائرین کے ساتھ پیش آنے والے حادثے پر انتہائی افسوس اور رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔ اس سانحہ میں خدوخیل بونیر سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے سات افراد انتقالِ کرگئے ہیں۔پاکستان تحریکِ انصاف خدوخیل بونیر کے مقامی رہنما افسر خان کی جانب سے اطلاع ملنے پر صوبائی وزیر سید فخر جہان نے فوراً وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی آمین خان گنڈاپور سے رابطہ کیا۔

وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا نے غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے لیے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انتقال پانے والے تمام افراد کے لئے 10,10 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے جو جلد انکے لواحقین کو فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا نے اس سانحے میں انتقال پانے والوں کے لئے بلندیء درجات اور مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے ان مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، زخمیوں کو شفاء کاملہ و عاجلہ نصیب فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل اور اجرِ عظیم سے نوازے۔

سید فخر جہان نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اس کٹھن گھڑی میں خیبرپختونخوا کی حکومت سوگوار خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور ان کی ہر ممکن دادرسی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب دعاگو ہیں کہ ربِ ذوالجلال اپنے خاص فضل و رحمت سے اس سانحے میں انتقال پانے والے تمام افراد کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے۔