راولپنڈی،پیرودھائی میں غیرت کے نام پر ہونے والے قتل کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے

ہفتہ 26 جولائی 2025 23:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2025ء) پیرودھائی میں غیرت کے نام پر ہونے والے قتل کے حوالے سے سنسنی خیز انکشافات سامنے آگئے ہیں۔ سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طور پر ملزمان نے واقعہ کو اغوا کا رنگ دینے کی کوشش کی تاہم تفتیش آگے بڑھی تو اطلاعات موصول ہوئیں کہ لڑکی کو قتل کر کے خاموشی سے دفنا دیا گیا ہے۔

سی پی او کا کہنا ہے کہ ملزمان نے قبر کے نشانات بھی مٹا دیئے تھے تاکہ واقعہ کو چھپایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا اور خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے قبر کی شناخت کی اور موقع پر سکیورٹی تعینات کر دی گئی۔ سی پی او نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اب اس مقدمے کی مدعیت پولیس اور ریاست کی جانب سے ہے اور اس میں دفعہ 311 ت پ شامل کی گئی ہے جس کے تحت صلح ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا کہ واقعہ میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن میں قبرستان کمیٹی کے چیئرمین اور گورکن بھی شامل ہیں۔ سی پی او کے مطابق پوری تصویر پولیس کے سامنے ہے، تمام ملوث افراد کی شناخت ہو چکی ہے اور پولیس معاملے کی تہہ تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قبر کشائی کے قانونی عمل کا آغاز ہو چکا ہے اور تفتیش ہر ممکن زاویے سے کی جائے گی تاکہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔ سی پی او نے یقین دلایا کہ اس بھیانک جرم میں ملوث کوئی شخص قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا اور قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد تفصیلات میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچائی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :