موٹروے پر خوفناک حادثہ؛ ٹائر پھٹنے سے بس الٹ گئی، 8 مسافر جاں بحق 18 زخمی

اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس موقع پر پہنچ گئی، ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو چکوال منتقل کردیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 جولائی 2025 10:43

موٹروے پر خوفناک حادثہ؛ ٹائر پھٹنے سے بس الٹ گئی، 8 مسافر جاں بحق 18 زخمی
چکوال ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جولائی 2025ء ) موٹروے پر خوفناک ٹریفک حادثہ ہوا جہاں ٹائر پھٹنے سے بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 8 مسافر جاں بحق اور 18 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق چکوال کے قریب بلکسر انٹر چینج کے قریب بس حادثے کا شکار ہوئی، اسلام آباد سے لاہور جانے والی مسافر بس کو موٹر وے ایم ٹو پر اس وقت حادثہ پیش آیا جب بس کا ٹائر اچانک پھٹ گیا جس کے باعث وہ بے قابو ہو کر الٹ گئی۔

بتایا گیا ہے کہ اگلی طرف بس کا بایاں ٹائر پھٹنے کی وجہ سے ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا تھا جس کی وجہ سے بس الٹنے کے بعد کھائی میں جاگری، حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی، ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو چکوال منتقل کر دیا اور مزید امدادی کارروائیاں بھی شروع کردی گئیں، حادثے میں معمولی زخمی ہونے والے افراد کو موٹر وے پولیس اور ریسکیو سروسز نے موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کردی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف صوبہ سندھ کے شہر جامشورو میں ایم نائن موٹر وے پر بھی ایک ٹریفک حادثہ ہوا جہاں نوری آباد کے قریب ایک مسافر کوچ ٹرک سے ٹکرا گئی، جس میں 2 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوئے، ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ مسافر کوچ کراچی سے لاڑکانہ جا رہی تھی جسے تیز رفتاری کے باعث حادثہ پیش آیا، حادثے کے زخمیوں کو نوری آباد ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا جن میں سے 4 کی حالت تشویش ناک بتائی گئی جنہیں لیاقت میڈیکل یونیورسٹی ہسپتال جامشورو منتقل کیا گیا۔