کیپٹن سرور شہید نے میدان جنگ میں بہادری، شجاعت اورجرات کی روشن مثال قائم کی ، افواج پاکستان کے جری سپوت آج بھی کیپٹن راجہ سرور شہید کے نقش قدم پر عمل پیرا ہیں ، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی

اتوار 27 جولائی 2025 11:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کیپٹن راجہ محمد سرور شہید نے میدان جنگ میں بہادری، شجاعت اور جرات کی روشن مثال قائم کی ،ملک و ملت سے غیر متزلزل وفاداری اور جذبہ شہادت سے سرشار کیپٹن راجہ سرور شہید نے عسکری اقدار کو نئی بلندی عطا کی،افواج پاکستان کے جری سپوت آج بھی کیپٹن راجہ سرور شہید کے نقش قدم پر عمل پیرا ہیں۔

اتوار کو وزارت داخلہ سے جاری بیان میں وفاقی وزیر داخلہ نے کیپٹن راجہ محمد سرور شہید (نشان حیدر)کے یوم شہادت کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 27 جولائی 1948 پاکستان کی عسکری تاریخ میں وہ دن ہے جب دفاع وطن کی راہ میں پہلا نشان حیدر امر ہوا۔

(جاری ہے)

کیپٹن راجہ محمد سرور شہید نے اڑی سیکٹر میں غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا،خاردار باڑوں اور گولہ باری کے باوجود کیپٹن راجہ سرور شہید نے پیش قدمی جاری رکھی اور دشمن کے مضبوط مورچوں کو بہادری سے فتح کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ شدید زخمی ہونے کے باوجود کیپٹن راجہ سرور شہید نے آخری دم تک دشمن کا بھرپور مقابلہ کیا اور دفاع وطن کا حق ادا کیا۔انہوں نے میدان جنگ میں بہادری، شجاعت اور جرات کی روشن مثال قائم کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک و ملت سے غیر متزلزل وفاداری اور جذبہ شہادت سے سرشار کیپٹن راجہ سرور شہید نے عسکری اقدار کو نئی بلندی عطا کی۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ افواج پاکستان کے جری سپوت آج بھی کیپٹن راجہ سرور شہید کے نقش قدم پر عمل پیرا ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع میں شہداء کی قربانیاں ایک زندہ عہد ہیں، کیپٹن راجہ محمد سرور کے یوم شہادت پر پوری قوم ان کی لازوال قربانی کو سلام پیش کرتی ہے اور دفاع وطن کے عہد کی تجدید کرتی ہے۔