رکن صوبائی اسمبلی سلمان نعیم کی جانب سے میٹرک میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں تقریب

اتوار 27 جولائی 2025 16:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی سلمان نعیم کی جانب سے میٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں ان کی رہائش گاہ پر تقریب منعقد کی گئی جس میں ضلعی تعلیمی افسر ملتان (ڈی ای او)منور کمال، رانا ممتاز رسول،اعجاز شاہ، والدین، اساتذہ، سول سوسائٹی کے نمائندے اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا مقصد نوجوانوں کی تعلیمی کاوشوں کو سراہنا اور انہیں مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے حوصلہ دینا تھا۔ اس موقع پر پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات کو ٹرافیاں،نقد انعامات اور خصوصی تحائف دئیےگئے۔ایم پی اے سلمان نعیم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا فروغ ان کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے یہ ہونہار طلباء کل کو ڈاکٹر، انجینئر، سائنسدان اور افسران بنیں گے اور ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے طلباء کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منور کمال نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے تعلیمی ادارے ایسے ہنر مند اور ذہین نوجوان پیدا کر رہے ہیں۔۔تقریب کے دوران طلباء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات ان کے اعتماد میں اضافہ کرتی ہیں اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرتی ہیں۔ والدین اور اساتذہ نے بھی اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے عوامی نمائندوں کا عملی کردار نہایت اہم ہے۔