الخدمت فانڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن کا سوات کا دورہ، فلاحی خدمات اور نئے منصوبوں کا اعلان

اتوار 27 جولائی 2025 18:30

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)الخدمت فانڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے ضلع سوات کا دورہ کیا، جہاں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، سول سوسائٹی، سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے الخدمت کے تحت جاری فلاحی و تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور آئندہ کے لیے اہم اعلانات بھی کیے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فانڈیشن، مخیر حضرات کے تعاون سے پاکستان سمیت کئی ممالک میں تعلیم، صحت، صاف پانی، یتیم بچوں کی کفالت اور قدرتی و انسانی آفات سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے دن رات سرگرم عمل ہے۔ فانڈیشن کے زیرِ اہتمام 23 آغوش ہومز میں یتیم بچوں کی کفالت کی جا رہی ہے، جبکہ 30 ہزار سے زائد یتیم بچے کفالتِ یتامی پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سٹریٹ چلڈرن کے لیے 85 مراکز تعلیم قائم کیے گئے ہیں، جہاں اس وقت 4500 طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کے ذریعے لاکھوں افراد کو صاف پانی مہیا کیا جا رہا ہے، جبکہ جنگ، زلزلے اور دیگر آفات کے متاثرین کی امداد کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے فلسطین (غزہ) کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 20 لاکھ سے زائد محصور افراد کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے الخدمت فانڈیشن اربوں روپے کی امداد فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے شام، ترکی، ایران اور افغانستان کے متاثرین کے لیے بھی الخدمت کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انسانی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔ سوات کے دورے کے دوران انہوں نے مینگورہ میں اس مقام کا بھی دورہ کیا جہاں 27 جون 2025 کو سیلاب کے باعث 13افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ انہوں نے الخدمت کے ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کا جائزہ لیا اور متاثرین کے لیے فوری سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے مینگورہ بائی پاس پر واٹر فلٹریشن پلانٹ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے سوات میں جاری کفالتِ یتامی پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع سوات میں الخدمت اس وقت 202 یتیم بچوں کی مکمل کفالت کر رہی ہے۔ انہوں نے یتیم بچوں اور ان کی ماں کو یقین دلایا کہ الخدمت فانڈیشن کے رضاکار اخلاص اور اللہ کی رضا کے جذبے کے تحت خدمت خلق میں مصروف عمل ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر الخدمت خیبرپختونخوا کے صدر فضل محمود، ضلعی صدر ضیا اللہ، امیر جماعت اسلامی سوات حمید الحق، نائب امیر اختر علی خان اور ڈاکٹر خالد فاروق بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔