کراچی میں ایک اور ملازمہ گھر کا صفایا کر گئی، لاکھوں مالیت کے زیورات اور نقدی غائب

مقدمہ تھانہ فیروز آباد میں درج، پولیس تاحال ملزمہ کا سراغ نہیں لگا سکی

اتوار 27 جولائی 2025 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2025ء)کراچی کے علاقے شہید ملت روڈ پر واقع ایک فلیٹ میں گھریلو ملازمہ نے مبینہ طور پر لاکھوں روپے مالیت کا سونا اور نقدی چوری کرلی، فیروز آباد تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔کراچی کے علاقے شہید ملت روڈ پر واقع فلیٹ سے مبینہ طور پر 50 تولہ سونا اور ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی لے کر فرار ہونے والی گھریلو ملازمہ کے خلاف فیروزآباد تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق تاحال ملزمہ کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔مقدمے کے متن کے مطابق متاثرہ شہری گارمنٹس کا ذاتی کاروبار کرتا ہے اور اس نے مینٹیننس انچارج محمد عرفان کے ذریعے گھریلو کام کے لیے شازیہ نامی ملازمہ کو 11 جولائی 2025 کو ملازمت پر رکھا تھا۔ملزمہ روزانہ سوا ایک بجے کام پر آتی اور ڈھائی بجے واپس چلی جاتی تھی۔

(جاری ہے)

واقعے کے روز شازیہ کے ہمراہ ایک اور خاتون بھی فلیٹ پر آئی تھی۔

شکایت کے مطابق واردات کے دن اہل خانہ دوپہر سوا تین بجے ایک دعوت میں شرکت کے لیے گئے اور شام سوا چھ بجے واپس آئے تو فلیٹ میں سامان بکھرا ہوا تھا۔ الماری چیک کرنے پر 1.5 لاکھ روپے نقدی اور قیمتی طلائی زیورات غائب پائے گئے۔متاثرہ خاندان کے مطابق چوری ہونے والے زیورات میں 9 سیٹ، 3 لاکٹس، 18 چوڑیاں، 3 جوڑی ٹاپس، 4 انگوٹھیاں اور 3 بریسلٹس شامل ہیں۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمہ کی تلاش شروع کر دی ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔