حکومت اڑان پاکستان پروگرام کے تحت تعلیمی اور زرعی اصلاحات کے ذریعے قومی ترقی کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے، احسن اقبال

اتوار 27 جولائی 2025 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہےکہ حکومت اڑان پاکستان پروگرام کے تحت تعلیمی اور زرعی اصلاحات کے ذریعے قومی ترقی کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔اتوار کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبہ اور جدید کاری کو فروغ دینا اولین ترجیح ہے جو ملک کی معاشی ترقی اور طویل المدتی خوشحالی کیلئے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نصاب میں اصلاحات، اساتذہ کی جدید تربیت متعارف کرانے اور امتحانی نظام کو بہتر بنانے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد ترقی صرف اس وقت موثر ہو سکتی ہے جب مضبوط مقامی حکومتوں کے ذریعے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کیا جائے۔

(جاری ہے)

زرعی شعبے میں درپیش چیلنجز کے حوالے سےاحسن اقبال نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے فصلوں کی پیداوار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں تاہم حکومت ان چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے فعال طریقے سے کام کررہی ہے اور اس شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر عمل درآمد شروع کر دیا گیاہے۔

وفاقی وزیر نے اس بات کی تصدیق کی کہ حکومت کا نقطہ نظر طویل مدتی منصوبہ بندی، صوبوں کے ساتھ جامع تعاون اور اہم شعبوں کے لیے پائیدار حل پر توجہ مرکوز کرنے پر مبنی ہے۔