گورنر ہائوس پشاور ،میں این وائی سی سی سی کے زیرانتظام ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے متعلق کانفرنس کا انعقاد

پیر 28 جولائی 2025 17:24

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) گورنر ہاوس پشاور میں این وائی سی سی سی کے زیرانتظام ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے متعلق کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کیا۔ فیصل کریم کندی نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اہم کانفرنس کے شرکاء کو گورنر ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، خیبر پختونخوا صوبہ اس وقت ماحولیاتی و موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے شدید متاثر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی صرف عالمی سطح پر نہیں بلکہ مقامی سطح پر بھی فوری توجہ کا متقاضی ہے،خیبر پختونخوا صوبہ شدید موسمی حالات، گلیشیئرز کے پگھلنے، سیلاب، اور جنگلاتی آتشزدگی جیسے خطرات کا سامنا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی صرف سائنسی مسئلہ نہیں بلکہ سماجی، معاشی اور اخلاقی مسئلہ بھی ہے۔ہمیں ان طبقات کی آواز بھی سننی ہوگی جو ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہی موقع ہے کہ ہم ایک پائیدار، سرسبز اور محفوظ مستقبل کی طرف قدم بڑھائیں،نوجوان علاقائی و ملکی سطح پر ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات سے متعلق آگاہی مہم میں بھرپور حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی مؤثر آواز، علم و تحقیق سے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق حکومتی پالیسی سازی میں حصہ ڈالیں۔