ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ حامد اصغر کی دوحہ میں صومالیہ کے لیے او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی

پیر 28 جولائی 2025 20:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2025ء) ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ حامد اصغر نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں صومالیہ کے لیے او آئی سی رابطہ گروپ کے منعقدہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی، مختلف شعبوں میں تربیت ، بحری صلاحیتوں کے فروغ، کراچی اور موغادیشو کے درمیان براہ راست شپنگ، دفاعی تعاون، طبی ویزے اور دواسازی و صحت کی مصنوعات کی فراہمی جیسے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ حامد اصغر نے دوحہ میں صومالیہ کے لیے اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کے رابطہ گروپ کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ نے کانفرنس کے ضمنی اجلاس میں صومالیہ کے وزیر خارجہ عبدالسلام عبدی علی سے ملاقات کی جس میں مختلف شعبوں میں تربیت ، بحری صلاحیتوں کے فروغ، کراچی اور موغادیشو کے درمیان براہ راست شپنگ، دفاعی تعاون، طبی ویزے اور دواسازی و صحت کی مصنوعات کی فراہمی جیسے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ صومالیہ کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے پاکستان کے دورے پر آمادگی کا اظہار کیا۔