سی سی ڈی افسروں اور جوانوں کی شبانہ روز محنت سے عوام میں پہلی دفعہ احساس تحفظ پیدا ہوا ہے‘ سہیل ظفر چٹھہ

پیر 28 جولائی 2025 20:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2025ء)ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ کی زیر صدارت پولیس ٹریننگ سینٹر چوہنگ میں سی سی ڈی افسران کے تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں سی سی ڈی سے تعلق رکھنے والے پنجاب بھر کے افسران اور اہلکاران نے شرکت کی۔ سات گھنٹے طویل اجلاس میں سی سی ڈی افسران اور اہلکاران کو پیشہ وارانہ مہارت بارے ٹریننگ دی گئی۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی سی ڈی کو اللہ تعالیٰ نے 2 ماہ کے مختصر عرصے میں شاندار کامیابی سے نوازا ہے اور سی سی ڈی کے افسروں اور جوانوں کی شبانہ روز محنت کے نتیجے کی وجہ سے عوام میں پہلی دفعہ احساس تحفظ پیدا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی محبت نے سی سی سی ڈی افسران پر بھاری زمہ داری عائد کر دی ہے اب ہم میں سے ہر افسر اور جوان سی سی ڈی کی عزت کا محافظ ہے ۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ زیادہ اختیارات زیادہ ذمہ داریاں بھی لیکر آتے ہیں۔ سی سی ڈی کی محنت سے پنجاب میں جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ہے۔ سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ پنجاب میں ڈالہ کلچر کے خاتمے کا کریڈٹ سی سی ڈی کو جاتا ہے۔ سی سی ڈی افسران اور جوانوں نے انتہائی دلیری اور ہمت سے عوام کو قاتلوں، ڈاکوؤں اور اغواء کاروں کے خوف سے باہر نکالا ہے ،آج ایک عورت زیور پہن کر بے خوف ہو کر بازار جا سکتی ہے۔

سی سی ڈی کے خوف سے آج غنڈے اور بدمعاش قرآن پر ہاتھ رکھ کر جرم کی دنیا چھوڑنے کا اعلان کر رہے ہیں۔ ایڈیشنل ائی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے مزید کہا کہ عوامی حمایت سے صوبے سے جرائم پیشہ افراد کا مکمل خاتمہ کریں گے۔افسران ہر قسم کے دباؤ سے بالاتر ہو کر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں کریں۔ ایڈیشنل آئی جی سہیل ظفر چٹھہ کا کہنا تھا کہ سی سی ڈی میں خود احتسابی کا واضح نظام موجود ہے اور سی سی ڈی میں کرپشن ناقابل معافی جرم ہے اور محکمہ میں اگر کبھی بھی کرپشن ثابت ہوئی توکرپٹ عناصر کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔

اور اچھی کارکردگی پر افسران اور جوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ایڈیشنل آئی جی سہیل ظفر چٹھہ نے شاندار کارکردگی پر سی سی ڈی افسران میں کیش انعامات تقسیم کیے،ڈی آئی جیز وقاص الحسن اور عمر سلامت سمیت پنجاب بھر کے سی سی ڈی افسران اور اہلکاران ایک روزہ تربیتی سیشن میں شریک ہوئے ۔

متعلقہ عنوان :