صومالیہ میں ترقی، استحکام اور سلامتی کے لیے مزید بین الاقوامی تعاون کو فعال کرنے کی ضرورت ہے،سعودی عرب

منگل 29 جولائی 2025 10:00

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) سعودی عرب نے کہا ہے کہ صومالیہ کے عوام کے لیے ترقی، استحکام اور سلامتی کے لیے مزید بین الاقوامی تعاون کو فعال کرنے کی ضرورت ہے۔ اردو نیوز کے مطابق یہ بات سعودی عرب کے نائب وزیرخارجہ انجینئر ولید الخریجی نے گزشتہ روز قطر کے دارالحکومت دوحہ میں صومالیہ سے متعلق او آئی سی کے رابطہ گروپ کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نےصومالیہ کے لئے ترقیاتی و طویل المدتی منصوبوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔سعودی نائب وزیر خارجہ نے مزید کہاکہ مملکت کی جانب سے شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے ذریعے امدادی اور انسانی بنیادوں پر فلاحی امور کی انجام دہی جاری رہے گی جو ہمارے صومالی بھائیوں کی مدد اور ترقیاتی امور کو بہتر بنانے اور انسانی مشکلات کے خاتمے میں معاون ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ترکیہ میں ہونے والے صومالیہ اور ایتھوپیا کے درمیان مفاہمتی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کےدرمیان امن کی بنیاد پر ترقی و استحکام کے نئے دور کا آغاز قرار دیا۔ انہوں نے مملکت کی جانب سے استحکام کو نقصان پہنچانے اور قومی یکجہتی کو غیرمستحکم کرنے کے لئے ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی سے نمٹنے کےلیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان حملوں کو ملکی وحدت و پائیدارترقی کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔ انہوں نے برادر ملک صومالیہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی دو سالہ غیرمستقل رکنیت کے حصول کو سراہتے ہوئے اسے صومالیہ کے لیے عالمی طورپر مثبت اقدام قرار دیا۔