گورنر ہاوس پشاور میں خیبر پختونخوا کے پڑوسی ممالک اور وسط ایشیاء ممالک تک تجارتی استعداد سے متعلق کانفرنس کا انعقاد

منگل 29 جولائی 2025 17:04

گورنر ہاوس پشاور میں خیبر پختونخوا کے پڑوسی ممالک اور وسط ایشیاء ممالک ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا جغرافیائی محل وقوع اور 7 سرحدی بارڈرز کے باعث تجارتی سرگرمیوں کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، خیبرپختونخوا کو وسط ایشیائی ممالک تک تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیکر ملکی اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے اس بات کا اظہار منگل کو گورنر ہاوس پشاور میں خیبر پختونخوا کے پڑوسی ممالک اور وسط ایشیاء ممالک تک تجارتی استعداد سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

۔ گورنر ہائوس تر جمان کے مطابق کانفرنس میں وسط ایشیائی ممالک کے سفراء،ایران اور افغانستان کےقونصل جنرلز، خیبر چیمبر کے صدر، ڈائریکٹر ٹیڈیپ پشاور، چئیرمین جیمالوجیکل انسٹیٹیوٹ پشاور اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے ایس ایم تنویر سمیت بزنس کمیونٹی نے شرکت و خطاب کیا۔

(جاری ہے)

گورنر خیبرپختونخوا نے کانفرنس میں وسط ایشیائی ممالک کے سفراء، ایران و افغان قونصل جنرلز،سفارتی عملہ اور ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کو گورنر ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہا۔

کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ اہم موضوع پر کانفرنس کے انعقاد پر خیبر چیمبر آف کامرس اور ٹیڈیپ انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،آج کی کانفرنس صوبہ کی اقتصادی ترقی کیلئے تجارتی راہداریوں کے مواقع پیدا کرنے سے متعلق ایک اہم سنگ میل ہے، خیبر پختونخوا جغرافیائی محل وقوع اور 7 سرحدی بارڈرز کے باعث تجارتی سرگرمیوں کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، خیبرپختونخوا کو وسط ایشیائی ممالک تک تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیکر ملکی اقتصادی ترقی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر چیمبر سمیت تمام بزنس کمیونٹی ملک کی اقتصادی و تجارتی ترقی کے سفیر ہیں،وسط ایشیاء ممالک تک کراس بارڈرز ٹریڈ صرف خیبرپختونخوا نہیں بلکہ پاکستان کا بہترین مستقبل ہے،ہم سب کا مشترکہ مقصد ملکی اقتصادی ترقی یقینی بنانا ہے، خیبر پختونخوا صوبہ وسط ایشیائی ممالک تک تجارتی لحاظ سے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کی تمام سرحدوں سے تجارت بڑھانے اور تجارتی سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے، خیبر پختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہیں، دنیا تجارت کیطرف جا رہی ہے، ہم نے بھی تجارتی راستوں کو ہموار کرنا ہے۔