ڈیرہ اسماعیل خان ،دو تاجروں کے قتل اور دو کے زخمی ہونے کے واقعے اور ڈیرہ میں بڑھتی ہوئی بدامنی، جرائم ، کرپشن ، اقرباء پروری کیخلاف احتجاج ودھرنا

منگل 29 جولائی 2025 17:09

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) ڈیرہ اسماعیل خان میں لغاری گیٹ کے قریب دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات میں مزاحمت پر دو تاجروں کے قتل اور دو افراد کے زخمی ہونے کے واقعے اور ڈیرہ میں بڑھتی ہوئی بدامنی، جرائم ، کرپشن ، اقرباء پروری کیخلاف مرکزی انجمن تاجران ،مرکزی تاجراتحاد، اور تاجر ایکشن کمیٹی کا مشترکہ مظاہرہ و دھرنا، تین دن کے اندر اندر اگر قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو تاجر اپنے آئندہ کے لائحہ عمل جس میں شہر بھر میں ہڑتال ، سی ایم ہائوس اور جی پی او کے سامنے دھرنا میں سے کسی ایک کا فیصلہ کرنے پر مجبور ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں لغاری گیٹ کے قریب ہونے والے تاجروں کے قتل کے واقعہ کیخلاف جس میں رانا اسلم اور ان کا منشی محمد جاوید شہید ہوگئے، جبکہ 2منشی شدید زخمی ہیں ، احتجاجی جلسہ اور دھرنے کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

جس میں مقررین سہیل احمد اعظمی ، کفیل احمد نظامی ، حامد علی رحمانی ، چوہدری جمیل احمد ،ملک اشفاق چغتائی ، خالد ناز، شریف چوہان ،امن کمیٹی کے چوہدری شاہد راج، محمد رمضان کے علاوہ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر منظر مسعود خٹک ، زاہد محب اللہ ایڈوکیٹ، پی ایم ایل یوتھ ونگ کے زیشان راج ، خاکسار تحریک کے اللہ دتہ ساجد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دن دیہاڑے دو تاجروں کی شہادت آئے دن چوری ڈکیتی ، راہزنی کی بڑھتی ہوئی وارادتوں کے باعث ڈیرہ کی تاجر اور عوام عدم تحفظ کا شکار کئی سالوں سے چلے آرہے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ اور گورنر بھی اسی علاقہ سے تعلق رکھتے ہیں ۔

بڑھتی آبادی کی وجہ سے ڈیرہ کی پولیس کی تعداد اور چوکیوں میں اضافے کی بجائے چوکیاں اور گشت ختم کر ادیا گیاہے، جس کے باعث ڈیرہ کے مضافات کے اکثر علاقے اور اب شہر کے اندر دن دیہاڑے ڈکیتیوں اور اغواء برائے تاوان کی وارادتیں ہونا عام ہو چکاہے، تاجروں نے خطاب میں کہاکہ تقریباً ادارے تباہی ، کرپشن ، اقرباء پروری کا شکار ہیں ۔ وزیراعلیٰ ، ڈی آئی جی اور کمشنر ڈیرہ کے پاس ڈیرہ کے تاجروں اور عوام سے ملنے کا وقت نہیں ہوتا، ان حالات میں تاجروں نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر تین دن کے اندر اندر ڈاکوئوں کو گرفتار نہ کیا گیا، تو تاجروں کے متفقہ فیصلے کے بعد جی پی او چوک ، سی ایم ہائوس، یا چوگلہ کے مقام پر احتجاجی دھرنا دیا جائیگا، اور شہر میں ہڑتال کی جائے گی ، تاجروں نے چند منٹ کیلئے علامتی دھرنا بھی دیا، صوبائی اور مزکزی حکومت اور ضلعی انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کیخلاف نعرہ بازی کی ، احتجاجی جلسے اور دھرنا میں عرفان بیٹنی، حسیب اللہ ،حاجی عقیل ڈمرہ، ارشد بلوچ، چوہدری خلیل ، حاجی اما ن اللہ ، نوید نظامی ، سعید اعوان، خالد حسین ،صاحبزادہ عابد فاروقی،چوہدری ریاض ، محمود خروٹی، حنزلہ خان ، رانا وسیم ، اسد نظامی ، محمد لطیف ، فضل الرحمن بلوچ، چوہدری آصف ، محمد نواز، حیدر علی ، شیر محمدمحسود سمیت دیگر نے بھرپور شرکت کی ۔

\378