میٹرک امتحانات 2025 میں ضلع بھکر کے ہونہار طلبہ و طالبات کی شاندار کامیابی پر ان کے اعزاز کے لیے خصوصی تقریب

منگل 29 جولائی 2025 17:36

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے میٹرک امتحانات 2025 میں ضلع بھکر کے ہونہار طلبہ و طالبات کی شاندار کامیابی پر انکے اعزاز کیلئے ڈی سی آفس میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے گفتگو کرتے ہوئے طلباء وطالبات کو ضلع بھکر کا نام روشن کرنے پر انکی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی طلباء وطالبات کی انتھک محنت اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ڈپٹی کمشنر نے امید ظاہر کی کہ یہ نوجوان مستقبل میں بھی تعلیم کے میدان میں نمایاں کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گے اور ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔سرگودھا بورڈ کے تحت ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کیمطابق ضلع بھکر کے طلباو طالبات نے عمدہ کارکردگی پیش کی۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول بھکر کے طالبعلم محمد اسد جاوید اور محمد مبین ارشد نے سائنس گروپ میں اوورآل 1184نمبرز حاصل کرکے ڈسٹرکٹ لیول پر پہلی جبکہ بورڈ میں مجموعی طور پر تیسری پوزیشن اپنے نام کیں۔سائنس گروپ بوائز میں تمثیل حیدر پاکستان پبلک ہائر سیکنڈری سکول دلیوالا اور شاہ میر روف الائیڈ سکول بھکر کیمپس نے سرگودہا بورڈ کی سطح پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اسی طرح سائنس گروپ گرلز میں عائشہ شیخ ڈسٹرکٹ پبلک گرلز ہائی سکول بھکر نے 1183 نمبر حاصل کر کے ڈویژن میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔آرٹس گروپ میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول سرائے مہاجر کی طالبہ اریج فاطمہ نے 1145 نمبر لے کر بورڈ میں پہلی،کنیز باہو نے 1140نمبر کے ساتھ دوسری اور جمیلہ مجید گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سیال نے 1138 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اسی طرح آرٹس گروپ میں اوور آل محمد عباس امیر نے 1144 نمبر حاصل کر کے بورڈ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن شازیہ توصیف ،ڈی ای او سیکنڈری منیر اولکھ،طلباوطالبات،والدین اوردیگر افسران بھی وجود تھے جنہوں نے کامیاب طلباء و طالبات کو مبارکباد دی اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔\378