وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی سے فور برادرز گروپ کے چیئرمین انجینئر جاوید سلیم قریشی کی ملاقات

منگل 29 جولائی 2025 18:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی سے فور برادرز گروپ کے چیئرمین انجینئر جاوید سلیم قریشی نے منگل کو یہاں ملاقات کی ۔ اس موقع پر زرعی تحقیق اور استعدادکار بڑھانے کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا تاکہ کاشتکاروں تک جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعات کو بہم پہنچا کر غذائی استحکام کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں جیسے چیلنجز سے نبردآزما ہوا جا سکے۔

ڈائریکٹر بیرونی تعلقات ڈاکٹر تحسین اظہر ، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر عمران ارشد، ڈاکٹر محمد اسلم اور ڈاکٹر محمد احسن خاں بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں کپاس، سویابین، مکئی، انٹرن شپ، مشینی زراعت اور دیگر شعبہ جات میں باہمی اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

فور برادرز گروپ کی جانب سے پراڈکٹ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کیلئے ریسرچ گرانٹ، انٹرن شپ اور سٹوڈنٹ اسسٹنٹ مہیا کرنے کے حوالے سے بھی اتفاق کیا گیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ اکیڈیمیا اور صنعت کے درمیان روابط زرعی شعبے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر کسانوں اور انڈسٹری کے مسائل کا سائنسی بنیادوں پر حل فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی پری بریڈنگ پروگرام میں مہارت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تربیت یافتہ افرادی قوت میں بھی معاونت کرے گی۔

انجینئر جاوید سلیم قریشی نے زرعی تحقیق اور تربیت میں یونیورسٹی کے قائدانہ کردار کو سراہا۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جدید رجحانات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی زراعت کو فروغ دینا ہو گا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے فور برادرز کے زرعی فیلڈ ٹرائلز اور لیبارٹریز کا بھی دورہ کیا اور ان سے اقدامات کو سراہا۔