بہاؤالدین زکریا سہروردیؒ کا سالانہ عرس31 جولائی سے ملتان میں شروع ہوگا

منگل 29 جولائی 2025 21:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) معروف روحانی بزرگ حضرت بہاؤ الدین زکریا سہروردی ملتانی ؒکے 786 ویں سالانہ عرس مبارک کی سہ روزہ تقریبات 31 جولائی بروز جمعرات سے درگاہ عالیہ قاسم باغ ملتان میں شروع ہو رہی ہیں جو 2 اگست بروز ہفتہ تک جاری رہیں گی۔ مخدوم مرید حسین قریشی ، خواجہ معین الدین کوریجہ ، پیر سید علی حسین شاہ ،صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی اور صوبائی سیکرٹری محکمہ اوقاف و مذہبی امور سید طاہر رضا بخاری مزار مبارک کو غسل دے کر تقریبات عرس کا آغاز کریں گے۔

(جاری ہے)

اس کے فورا ًبعد محکمہ اوقاف اور پاکستان زکریاؒ اکیڈمی کے زیر اہتمام سالانہ قومی زکریا کانفرنس کی پہلی نشست منعقد ہوگی۔ یکم اگست جمعة المبارک کو 10 بجے دن دوسری نشست کا انعقاد ہو گا جس میں علمائے کرام حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانی کی شخصیت اور ان کی دینی خدمات پر روشنی ڈالیں گے۔عرس مبارک کی اختتامی تقریبات 2 اگست بروز ہفتہ کو 10 بجے دن منعقد ہوں گی۔ محکمہ اوقاف ملتان کے زونل ایڈمنسٹریٹر سید ایاز الحسن گیلانی کے مطابق عرس کے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔ عرس میں ملک بھر سے زائرین اور عقیدت مند شریک ہوں گے جن کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔