گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سےتاجکستان کے سفارتکار شاہ فیزودا سیدجان اسماعیل کی ملاقات

منگل 29 جولائی 2025 21:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سےتاجکستان کے سفارتکار شاہ فیزودا سیدجان اسماعیل نےگورنر ہا ؤس پشاور میں ملاقات کی، گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تجارت، سیاحت اور کھیلوں کے فروغ سمیت مختلف شعبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ملاقات میں کاسا 1000 منصوبے، واخان بارڈر اور پاکستان و تاجکستان کے درمیان تجارتی روابط کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر نے سرحد کے قریب انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی تجویز پر بھی روشنی ڈالی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو مزید تقویت ملے گی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وسط ایشیائی ممالک خصوصاً تاجکستان کے ساتھ پولٹری سمیت متعدد شعبہ جات میں تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں اور واخان کوریڈور کے کھلنے سے یہ کاروبار مزید ترقی کرے گا۔

(جاری ہے)

سیاحت کے فروغ پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا اپنی قدرتی خوبصورتی اور تاریخی اہمیت کے باعث سیاحوں کے لیے پرکشش مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی روابط بڑھانے پر زور دیا۔گورنر نے تجویز دی کہ خیبرپختونخوا اور تاجکستان کی فٹبال ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچ کا انعقاد کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ گورنر ہاؤس کی جانب سے صوبہ کے کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ اسپورٹس ایوارڈ دیے جا رہے ہیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایسے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جو وسائل کی کمی کا شکار ہیں، ان کی مدد کے لیے "اڈاپٹ اے پلیئر" مہم شروع کی جا رہی ہے تاکہ نجی ادارے اور مخیر حضرات ان کھلاڑیوں کو سپانسر کریں۔