ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے بچاؤ کے لیے ٹریفک ایجوکیشن ونگ سیالکوٹ کی جانب سے ہیوی وہیکلز ڈرائیوروں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم

منگل 29 جولائی 2025 21:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2025ء) ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے بچاؤ کے لیے ٹریفک ایجوکیشن ونگ سیالکوٹ کی جانب سے ہیوی وہیکلز ڈرائیوروں کو بریفنگ دی گئی اور آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق انچارج ٹریفک ایجوکیشن ونگ سیالکوٹ ڈاکٹر شفقت رسول نے منگل کو مختلف مقامات پر ہیوی وہیکلز جیسے ڈمپر، مزدا اور ٹرالرز کے ڈرائیوروں کو بریفنگ دی، جس میں تیز رفتاری، ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے بچاؤ جیسے اہم موضوعات پر آگاہ کیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ گاڑیاں جو مٹی، بجری، اینٹیں یا دیگر تعمیراتی سامان سڑکوں پر لے کر چلتی ہیں، اگر ان پر ترپال نہ ہو تو ان سے اٹھنے والی گرد و غبار فضا میں شامل ہو کر شہریوں کی صحت کے لیے خطرہ بنتی ہے اور یہی ذرات آگے چل کر سموگ کا باعث بھی بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شفقت رسول نے زور دیا کہ ڈرائیور ہر سفر سے قبل اس امر کو یقینی بنائیں کہ سامان مکمل طور پر ترپال سے ڈھانپا گیا ہو اور اپنی گاڑیوں کی مکینیکل حالت درست رکھیں تاکہ دھواں خارج نہ ہو کیونکہ گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی صحت اور ماحولیاتی آلودگی کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔

بریفنگ کے اختتام پر شرکاء کو مزید رہنمائی فراہم کرنے اور پیغام کو عام کرنے کے لیے آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے۔