ڈیرہ غازی خان میں تھانہ چوٹی کی بروقت کارروائی، زمین کے تنازع پر فائرنگ،دو افراد زخمی، تین ملزمان گرفتار

بدھ 30 جولائی 2025 11:20

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) ڈیرہ غازی خان میں تھانہ چوٹی پولیس نے زمین کے تنازع پر ہونے والے جھگڑے میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ جھگڑا موضع پائی رمدانی کے قریب پیش آیا، جہاں فریقین کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا۔جھگڑے کے دوران ایک گروپ کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں محمد انس ولد عبد الکریم اور محمد افتخار زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

پولیس نے اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے باز محمد ولد ہورن، نظام دین ولد حیات، اور موسیٰ ولد مہر دین کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق، گرفتار ملزم باز محمد کے قبضے سے رائفل بھی برآمد کی گئی، جس پر علیحدہ مقدمہ زیر دفعہ 13/20/65 درج کیا گیا ہے۔ واقعہ کا مرکزی مقدمہ زیر دفعات 324، 148، اور 149 تعزیراتِ پاکستان کے تحت درج کیا گیا ہے۔جھگڑے کے دوران باز محمد اور نظام دین بھی زخمی ہوئے، جن کا میڈیکل کروایا گیا ہے۔ پولیس زخمی ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لا رہی ہے جبکہ واقع کی غیر جانبدار اور شفاف تفتیش جاری ہے۔ڈیرہ غازی خان پولیس کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔