علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ’’پودے لگائو،ملک سنوارو‘‘شجر کاری مہم کا آغاز

بدھ 30 جولائی 2025 15:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک اہم اور بامقصد قدم اٹھاتے ہوئے’’پودے لگاؤ، ملک سنوارو‘‘کے نام سے مون سون شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے یونیورسٹی کی رہائشی کالونی کے لیڈیز پارک میں ڈچکی فائیکس کا پودا لگا کر کیا ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ پودے لگانا صرف ایک ماحولیاتی سرگرمی نہیں بلکہ ہماری اجتماعی بقاء، صحت مند معاشرے اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ یہ نعرہ نہیں ایک عملی تحریک ہے جو ہمیں سرسبز و شاداب پاکستان کی طرف لے کر جائے گی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نہ صرف شجرکاری مہم میں بھرپور شرکت کرے گی بلکہ اس مہم کو ہر طالب علم، ہر استاد اور ہر شہری تک پہنچایا جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم اپنے 50 لاکھ سے زائد فارغ التحصیل طلبہ اور 12 لاکھ زیر تعلیم طلبہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملک کے ماحولیاتی سفیر بنیں، ایک پودا لگائیں اور اسے پروان چڑھائیں۔انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آگے آئیں، درخت لگائیں اور اپنی دھرتی ماں کا قرض اتاریں۔تقریب کے دوران شعبہ زرعی سائنس کے ہارٹیکلچر آفیسر، وجیح الحسن نے شجر کاری مہم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مہم کے پہلے مرحلے میں آج 10 مختلف اقسام کے 250 پودے لگائے جا رہے ہیں۔

ان میں سایہ دار، پھلدار اور مقامی اقسام کے درخت شامل ہیں جو نہ صرف خوبصورتی میں اضافہ کریں گے بلکہ ماحول کے تحفظ میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔اس موقع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار راجہ عمر یونس، پرنسپل افسران اور فیکلٹی ممبران نے بھی پودے لگائے اور سبز پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔