نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کے ملازمین کو برطرف کرنے کے احکامات پر عملدرآمد روکنے کے حکم میں آئندہ سماعت تک توسیع

بدھ 30 جولائی 2025 17:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے رائٹ سائزنگ کے تحت نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کے ملازمین کو برطرف کرنے کے احکامات پر عملدرآمد روکنے کے حکم میں آئندہ سماعت تک توسیع دے دی ہے۔عدلت عالیہ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کے برطرف ملازمین انیس ملک و دیگر کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی کے وکیل علی نواز کھرل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ عدالت نے آپ کے آرڈر کو معطل کر رکھا ہے، کوئی مسئلہ تو نہیں؟ جس پر نیا پاکستان اتھارٹی کے وکیل نے جواب دیا کہ جب سے اتھارٹی بنی ہے، اس کی کوئی آمدن نہیں، حکومتی پالیسی کے مطابق آرڈر جاری ہوا تھا۔

(جاری ہے)

عدالت نے وکلاء سے سوال کیا کہ اگر یہ حکومتی پالیسی ہے تو وفاق کو فریق کیوں نہیں بنایا گیا؟ عدالت نے درخواست گزاروں کے وکلاء کو ہدایت کی کہ وہ درخواست میں وفاق کو بھی فریق بنائیں۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے حکم دیا کہ حکم امتناع برقرار رہے گا، وفاق پیرا وائز کمنٹس جمع کرائے۔ عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ وفاق کی جانب سے جواب عدالت میں جمع کرایا جائے۔عدالت نے مزید سماعت 3 ستمبر تک ملتوی کر دی۔