محکمہ صحت و عالمی ادارہ صحت کے زیر اہتما م ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس آٹھ مقام میں بچوں کی ویکسینیشن کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

بدھ 30 جولائی 2025 20:11

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) محکمہ صحت و عالمی ادارہ صحت کے زیر اہتما م ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس آٹھ مقام میں 9 سے 14سال کی بچیوں کو کینسر سےبچاؤ کی حفاظتی ویکسین کے حوالہ سے ضلعی آفیسران، ہیلتھ سٹاف و میڈیا کااہم اجلاس ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر غلام نبی کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ندیم جنجوعہ تھے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر غلام نبی نے HPVمہم بارے ڈپٹی کمشنر اور میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ایچ پی وی کی 12 روزہ مہم 15 ستمبر سے 27 ستمبر2025 تک جاری رہے گی۔ اجلاس میں ڈی ایس پی سردار چوہدری محمد ظہیر احمد، ایم ایس ڈاکٹر سردار سجاد مغل، اسسٹنٹ ڈائریکٹرEPIسید مبشر گیلانی، ڈبلیوایف پی سے ڈاکٹر شازیہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نسواں محترمہ شیما میر، صدر پریس کلب جاویداسداللہ، پبلک ریلیشن آفیسر خواجہ محمد صدیق کے علاوہ ضلعی آفیسران، ہیلتھ سٹاف اور صحافیوں نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر غلام نبی نے شرکاء اجلاس کو بتایا کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی بچہ دانی کے کینسر کی بیماری تشویشناک حد تک پھیل رہی ہے جس سے بچاؤ کے لئے حکومت عالمی اداروں کے تعاون سے حفاظتی اقدامات اٹھا رہی ہے اس سلسلہ میں دیگر اضلاع کی طرح ضلع نیلم میں بھی9 سے 14عمر کی 16221بچیوں کو ستمبر سے خواتین میں رحم کے دہانے کے کینسر (سرویکل کینسر) کی روک تھام کی غرض سے 9 سے 14 سال تک کی لڑکیوں کو 15 سے 27 ستمبر تک حفاظتی ویکسین لگائی جائے گی۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے والدین سے اپیل کی وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی9سے 14 سال کی بچیوں کو لازمی مفت حفاظتی ویکسین لگوائیں انہوں نے کہا کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے محکمہ صحت کی خواتین پر مشتمل 19 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جوسکولوں اور گھر گھر جاکر بچیوں کو حفاظتی ویکسین لگائیں گی۔ایک سوال پر ڈی ایچ او نے بتایا کہ والدین کو ایچ پی وی ویکسی نیشن مہم بارے الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے مثبت آگاہی مہم صحافیوں کی ذمہ داری ہے میڈیا کوباقاعدہ اگست کے پہلے ہفتہ میں بریفنگ دینگے تاکہ شہریوں تک درست اور بروقت معلومات پہنچ سکے۔

مہم کے پہلے مرحلے میں 9سے 14 سال کی لڑکیوں کو ویکسین لگائی جائے گی،مگر مستقل طور پر یہ ویکسین ریگولر ایمیونائزیشن پروگرام کا حصہ بنائی جائے گی، جس کے تحت نو سالہ بچیوں کو ویکسین دی جائے گی۔اس موقع پر ڈاکٹر شازیہ نے کہاکہ توسیع پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات EPI کاپاکستان میں آغاز 1978 میں ہوا۔ یہ یقینی بنانے کیلئے پاکستان کے تمام بچوں کو قابل انسداد بیماریوں سے تحفظ فراہم کیاجائے اور21ویں صدی کے ترقیاتی اہداف کو حاسل کیاجاسکے۔

پروگرام میں تمام اسٹاف کی تربیت پر خاص توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔2017 میں EPIپروگرام میں روٹین ایمونائزیشن میں 12 مہلک بیماریوں کیخلاف حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جاتے ہیں۔ جوکہ پولیو، ٹی بی، ہپاٹائٹس، خناق، تشنج، کالی کھانسی، نمونیہ، اسہال، گردن توڑ بخار، ٹائی فائیڈ اور خسرہ شامل ہیں۔پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جوبچوں کو عمر بھر کے لیے معذور کردیتی ہے۔

پولیو وائرس سے بچاؤ کیلئے پولیو مہمات تسلسل سے جاری ہیں۔ ضلع نیلم میں پولیو کاکل ٹارگٹ 38693 ہے۔ ستمبر 2025 میں آزاد کشمیر بھر کی طرح ضلع نیلم میں ایچ پی وی مہم ہورہی ہے جس میں نو سے 14 سال تک کی بچیوں کوکیسنر سے بچاؤ کی ویکسین دی جارہی ہے۔ جس کاکل ٹارگٹ 16221 ہے ضلع نیلم میں پولیو کوریج 99 فیصد جبکہ روٹین کی کوریج 95 فیصد ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ندیم جنجوعہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرنسواں، ایم ایس ڈاکٹر سجاد مغل، صدر پریس کلب جاویداسداللہ نے ایچ پی وی مہم کوہر صورت کامیاب بنانے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ صحت مند معاشرے کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات وقت کاتقاضاہے ماضی میں بھی بیماریوں کی روک تھام کیلئے ویکسی نیشن اہم ترین جز رہاہے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید مبشر گیلانی نے EPIکی نمائندگی کی۔ اجلاس میں ڈی ایس پی سردار چوہدری محمد ظہیر کے علاوہ سول سوسائٹی اور دیگر ہیلتھ نمائندگان اور صحافیوں نے بھرپور شرکت کی۔