ڈپٹی کمشنر سوات کی کھلی کچہری، بیرون ملک مقیم افراد کے مسائل سن کر ضلعی انتظامیہ کو حل کے احکامات جاری کئے

بدھ 30 جولائی 2025 20:10

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2025ء)ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے ضلع سوات سے تعلق رکھنے والے بیرون ملک مقیم چہروں کے مسائل کے بروقت حل اور ضلعی انتظامیہ تک براہ راست رسائی کو یقینی بنانے کے لیے آن لائن ای-کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ ای-کچہری ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر سوات کے فیس بک پیج پر براہ راست نشر کی گئی، جس میں بیرون ملک مقیم ضلع سوات سے تعلق رکھنے والے شہروں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے بذریعہ کمنٹس مختلف مسائل پر اپنی آرا اور شکایات پیش کیں۔

ای-کچہری میں انچارج پی ایم آر یو سٹاف، ضلعی انتظامیہ سوات کے متعلقہ برانچ انچارجز، اور دیگربرانچزکے نمائندگان بھی موجود تھیجنہوں نے موصول ہونے والے شکایات اور مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سوات نے ای کچہری میں شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے ای-کچہری کے انعقاد کا مقصد بیان کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت خیبرپختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں بیرون ملک مقیم ضلع سوات کے شہریوں کے مسائل کا بروقت حل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور یہ ای-کچہری عوامی شمولیت کو فروغ دینے کی ایک موثر کاوش ہے۔

ای-کچہری کے دوران شہریوں کی جانب سے متعدد اہم مسائل سامنے آئے، جن میں بیرونِ ملک جانے والے افراد کے لیے ضلع سوات میں میڈیکل اور فنگر پرنٹس دفاتر کے قیام، مسافروں کے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، پاسپورٹ سے متعلق شکایات، پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے حصول کے پیچیدہ طریقہ کار کو آسان بنانے اور اس کی مدت میں توسیع، نیز غیر رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کے خلاف قانونی کارروائی جیسے مسائل شامل تھے۔

ڈپٹی کمشنر سوات نے تمام شکایات کو نہایت سنجیدگی سے سنا اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری ہدایات جاری کیں۔ کانجو ٹان شپ میں پارکنگ فیس سے متعلق شکایت پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو موقع پر جا کر تحقیقات کرنے کی ہدایت کی، جبکہ پارکنگ کے ٹھیکیدار اور متعلقہ ادارے کے حکام کو دفتر طلب کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔

ای-کچہری کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر سوات نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم ضلع سوات کے شہری پاکستان کے سفیر اور نمائندوں کی حیثیت رکھتے ہیں، جو بیرونِ ممالک میں وطن کا نام روشن کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ای-کچہری میں نہایت سنجیدگی سے اجتماعی نوعیت کے اہم مسائل اجاگر کیے گئے۔ ضلعی انتظامیہ عوامی اعتماد کو اپنی کامیابی سمجھتی ہے اور ان مسائل کے حل کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس طرز کی ای-کچہریوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ نہ صرف مقامی بلکہ بیرونِ ملک مقیم شہریوں کے مسائل کی نشاندہی ہو سکے اور ان کے حل کیلئے بروقت اقدامات ممکن بنائے جا سکیں۔