بلوچستان میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار گہری دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، بلال خان کاکڑ

بدھ 30 جولائی 2025 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار گہری دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور متعدد کمپنیاں صوبے میں سرمایہ کاری کے عملی اقدامات کی تیاری کر رہی ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے قدرتی وسائل، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، اور سیاحت جیسے شعبے سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع فراہم کرتے ہیں، جنہیں عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

بلال خان کاکڑ نے مزید کہا کہ بی بی او آئی ٹی کی مسلسل کوششوں سے نہ صرف بیرون ملک سے سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل ہوئی ہے بلکہ ملکی سطح پر بھی بلوچستان کے بارے میں ایک مثبت سوچ پروان چڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ نے مختصر عرصے میں مختلف شہروں میں سرمایہ کاری کانفرنسز اور سیمینارز کا انعقاد کر کے بلوچستان کے مواقع کو نمایاں کیا، جن میں بزنس لیڈرز اور سرمایہ کارگروپوں کے وفود نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

سرمایہ کاروں کو سہولت دینے کے لیے بورڈ نے ’’ون ونڈو آپریشن‘‘ متعارف کروایا ہے، جس کے تحت تمام ضروری اجازت نامے اور کاروباری سہولیات ایک ہی جگہ سے فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض منصوبوں پر عملی کام کا آغاز ہو چکا ہے، جو نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کی معیشت کو تقویت دیں گے۔ بلال خان کاکڑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان حکومت بی بی او آئی ٹی کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی تاکہ صوبہ ایک پائیدار، خوشحال اور معاشی طور پر خود کفیل خطہ بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اب معاشی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، جہاں نجی شعبے کو مرکزی حیثیت حاصل ہو گی۔