بانی صدر آزادجموں وکشمیر سردار ابراہیم خان کی22ویں برسی عقیدت واحترام کیساتھ منائی گئی

سردار محمد ابراہیم خان کی جدوجہد آزادی اور آزادکشمیر کی تعمیروترقی کی گرانقدرخدمات کے اعتراف میں خراج عقید ت پیش

جمعرات 31 جولائی 2025 13:25

نیلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)غازی ملت ،آزادجموں وکشمیر کے بانی صدر سردار ابراہیم خان کی 22ویں برسی انتہائی عقیدت واحترام کیساتھ منائی گئی ۔اسسٹنٹ کمشنر چوہدری بشارت کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر آفس میں سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی۔سردار محمد ابراہیم خان کی جدوجہد آزادی اور آزادکشمیر کی تعمیروترقی کی گرانقدرخدمات کے اعتراف میں خراج عقید ت پیش کیاگیا۔

مقبوضہ کشمیر ، فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی پاکستان وآزادکشمیر کی سلامتی واستحکام کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر چوہدری بشارت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 24اکتوبر 1947کو سردار محمد ابراہیم خان نے آزادکشمیر میں حکومت قائم کی اور پہلے صدر منتخب ہوئے ،غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی جدوجہد آزادی عوام کے لیے مشعل راہ ہے،آزادریاست جموں وکشمیر میں میگاپراجیکٹس کاسہرابھی غازی ملت سردار محمدابراہیم خان کوجاتاہے ،غازی ملت کامشن کشمیری مسلمانوں کوڈوگرہ راج کی غلامی سے نجات دلانا اوران کی امنگوں کے مطابق ریاست جموں وکشمیر کو پاکستان کاحصہ بنانا تھا، غازی ملت نے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اپنے موقف پر ہمیشہ قائم رہے، غازی ملت کامشن مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی اور آزادکشمیرکے شہریوں کابلند معیار زندگی تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بوائز ڈگری کالج آٹھ مقام کے پرنسپل خورشید انور نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر کی تاریخ عظیم لیڈورں کی داستانوں سے بھری ہے، غازی ملت سردارمحمدابراہیم خان ہوں یامجاہد ائول ملک وملت کے عظیم راہنماتھے ،غازی ملت 31جولائی 2003 میں ہم سے جدا ہوئے ، کشمیری قوم نی22ویں برسی مناکرسلام عقیدت پیش کیاہے ،1946میں غازی ملت نے مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے تحریک آزادی میں سرگرم حصہ لینا شروع کردیا۔

انجمن تاجران کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ملک شرافت نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری قوم اپنے بہادر لیڈر او ربانی صدر ریاست غازی ملت سردار محمدابراہیم خان کی مقبوضہ کشمیر کی آزادی ،آزادکشمیر کی تعمیروترقی اور پاکستان کے استحکام کی کاوشوں کوسراہتے ہوئے تاجران اور سول سوسائٹی کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا، انسٹرکٹر شہری دفاع رانا مشکور نے کہاکہ غازی ملت سردار محمدابراہیم خان ہرکشمیری کے لیے مشغل راہ ہیں،کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے استحکام وآزادکشمیرکی تعمیروترقی کیلئے سردارمحمد ابراہیم خان جیسے لیڈر کے ویژن کی ضرورت ہے ۔

تقریب میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر غلام نبی مغل، ایم ایس ڈاکٹر سردار سجاد مغل،ایس ایچ او سٹی تھانہ سردار محمد صدیق کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے نمائندگان نے کثیرتعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پر ملک وملت کی سلامتی اورسردارمحمد ابراہیم خان کے درجات کی بلندی کے لیے دعامانگی گئی ۔