کراچی - ٹریفک حادثات میں خاتون اور کم عمر لڑکے سمیت تین جاں بحق

حادثے میں تین ہی افراد زخمی ہوئے، ایک کی بیوی جاں بحق ہوئی،پولیس حکام

جمعرات 31 جولائی 2025 16:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی کے علاقے سپر ہائی وے پر ٹریفک حادثے میں بیوی جاں بحق جبکہ شوہر زخمی ہوگیا، متوفیہ کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی جہاں اس کی شناخت 45 سالہ بے نظیر کے نام سے ہوئی جبکہ اس کے زخمی شوہر 50 سالہ علی شیر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ایس ایچ او گڈاپ سٹی سرفراز نے بتایا کہ دونوں میاں بیوی موٹر سائیکل پر سوار تھے جبکہ حادثہ تیز رفتار کار کی ٹکر سے پیش آیا تھا جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ متوفیہ کے ورثا اور کار ڈرائیور شہریار کے درمیان بات چیت چل رہی ہے اور متاثرہ فیملی قانونی کارروائی سے گریز کر رہی ہے تاہم پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے چمڑا چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوعمر لڑکا جاں بحق جبکہ دیگر 2 نوجوان زخمی ہوگئے۔متوفی کی لاش اور زخمیوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال لیجایا گیا۔ ہیڈ محرر وقار نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 18 سالہ جہانزیب کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے 2 نوجوان 17 سالہ عبدالصمد اور 18 سالہ دیان ولد پرویز گل جو کہ سگے بھائی ہیں انھیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تینوں نوجوان موٹر سائیکل پر سوار تھے جبکہ حادثہ نامعلوم تیز رفتار آلٹو کار ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔حادثے کا شکار نوجوان کورنگی سیکٹر 51 سی کے رہائشی اور طارق روڈ پر کام کرتے تھے تاہم اس حوالے سے پولیس مزید چھان بین کر رہی ہے۔دریں اثنا سپرہائی وے جمالی پل کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی راہگیر تھا جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا تھا ، فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی جس کی عمر 30 سال کے قریب بتائی جاتی ہے۔