ْمقبوضہ کشمیر،سرکاری ملازمین کو بھارتی یوم آزادی کی تقریبات میںشرکت یقینی بنانے کی ہدایت

جمعرات 31 جولائی 2025 16:30

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں نئی دلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ نے تمام سرکاری افسروں اور ملازمین کو 15اگست کو بھارتی یوم آزادی کی تقریبات میں اپنی شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کی طرف سے جاری کردہ حکمنامے میں کہا گیاکہ مرکزی تقریبات سری نگر کے بخشی اسٹیڈیم اور جموں کے مولانا آزاد اسٹیڈیم میں ہوں گی جن میں تمام سرکاری افسراور ملازمین اپنی شرکت یقینی بنائیںاور کوئی بھی ملازم اپنے اعلیٰ افسر کی پیشگی اجازت کے بغیر غیر حاضر نہیں رہے گا۔

محکمہ اطلاعات اور تعلقات عامہ کے سکریٹری ایم راجو کی طرف سے جاری حکمنامے میں تمام انتظامی سکریٹریوں، محکمہ جات کے سربراہان، منیجنگ ڈائرکٹرز اور پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگس، کارپوریشنز اور بورڈز کے چیف ایگزیکٹوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے ماتحتوں کی مکمل حاضری کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بھارت نے جموںوکشمیر پر فوجی طاقت کے بل پر قبضہ کر رکھا ہے اور کشمیری بھارتی یوم آزادی کو ہر برس ’’یوم سیاہ‘‘ کے طور پر مناتے ہیں۔ کشمیری بھارتی یوم آزادی یا یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شریک نہیں ہوتے ۔ البتہ بھارتی انتظامیہ سرکاری ملازمین اور مقبوضہ علاقے میں موجود بھارتی شہریوں سے تقریبات کے مقامات بھر دیتی ہے۔