سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور برطانوی ہاؤس آف کامنز کے سپیکر سر لنزے ہوئل کی ملاقات

جمعرات 31 جولائی 2025 18:10

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور برطانوی ہاؤس آف کامنز کے اسپیکر سر لنزے ہوئل کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ پارلیمانی تعاون، جمہوری اقدار کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق یہ ملاقات جنیوا میں چھٹی سپیکرز کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔

اس موقع پر سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان، برطانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ، تاریخی اور خوشگوار تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی اور برطانیہ کی ہاؤس آف کامنز کے درمیان پارلیمانی تعاون سے نہ صرف جمہوری روایات کو فروغ ملے گا بلکہ دوطرفہ تعلقات میں بھی نئی جہتیں پیدا ہوں گی۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے جس کے ذریعے ثقافتی، تعلیمی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ حاصل ہو سکتا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کے منافی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ناگزیر ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔دونوں سپیکرز نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دنیا کو درپیش چیلنجز، خصوصاً جمہوری انحطاط، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، اور عالمی امن و سلامتی کے مسائل کے حل کے لئے پارلیمانی سفارتکاری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔دونوں رہنماؤں نے جمہوری اقدار کے تحفظ اور پارلیمانی تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔