منی اسٹیڈیم اور ریسلنگ سپورٹس کمپلیکس کا افتتاح :صو بہ بھر میں سپورٹس انفراسٹرکچر کا جال بچھایا جا رہا ہے ،صوبائی وزیر کھیل

جمعرات 31 جولائی 2025 18:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے گوجرانوالہ میں جدید سہولیات سے آراستہ ریسلنگ سپورٹس کمپلیکس اور منی سٹیڈیم کا باقاعدہ افتتاح کیا،سٹیڈیم پہنچنے پر صوبائی وزیرکھیل کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے انکو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور پتیاں نچھاور کی گئیں،تقریب میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفر خان سیال، ایم این اے شاہد عثمان، ایم پی اے نواز چوہان، ایم پی اے شازیہ فرید، ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر نارتھ زون سید احمد اعزاز، ڈویژنل سپورٹس آفیسر فیصل امیر خان اورانٹرنیشنل ریسلر انعام بٹ ودیگر بھی شریک تھے۔

صوبائی وزیرکھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے بھر میں سپورٹس انفراسٹرکچر کا جال بچھایا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے، گوجرانوالہ جو پہلوانوں کا شہر کہلاتا ہے، وہاں ریسلنگ سپورٹس کمپلیکس کا قیام ایک تاریخی قدم ہے جو کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے علاقے کے نوجوانوں کے لیے تحفہ ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے تحت تعمیر ہونے والے ریسلنگ کمپلیکس پر 155 ملین روپے کی لاگت آئی ہے جبکہ اس کے ان ڈور ہال میں400 اورگراونڈ میں500 تماشائیوں کی گنجائش موجود ہے،مٹی اور میٹ ریسلنگ دونوں کی سہولیات،جدید فلڈ لائٹس،جمنیزیماور دن،رات مقابلوں کے انعقاد کی مکمل سہولیات موجود ہیں۔

یہ کمپلیکس نہ صرف مقامی سطح پر ٹیلنٹ کو ابھارے گا بلکہ نیشنل اور انٹرنیشنل مقابلوں کی میزبانی کے لیے بھی موزوں ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ75 ملین روپے کی لاگت سے بننے والے منی اسٹیڈیم میں فٹبال، ہاکی، والی بال سمیت مختلف کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ اس میں اوپن جم، جوگنگ ٹریک، جدید فلڈ لائٹس،چار ہزار سے زائد تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش اور کھلاڑیوں کے لیے بہترین تربیتی ماحول مہیا کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیرکھیل نے اس بات پر زور دیا کہ ہم نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے مشن پر کار بند ہیں۔یہ منصوبے نئی نسل کو نہ صرف صحت مند طرز زندگی کی طرف لے جائیں گے بلکہ انہیں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کے قابل بھی بنائیں گے تاہم آج ہم نے پہلوانوں کے شہر کے نوجوانوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا ہے۔افتتاحی تقریب میں ریسلنگ کے شوقین نوجوانوں، علاقہ مکینوں اور معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔