جنیوا میں منعقدہ عالمی کانفرنس انصاف، امن اور مساوات کے فروغ میں معاون و موثر ثابت ہوگی، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

جمعرات 31 جولائی 2025 21:10

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ دنیا اس وقت پھیلتے ہوئے تنازعات، بڑھتے ہوئے اقتصادی عدم استحکام، موسمیاتی تبدیلیوں، عدم مساوات اور انسانی حقوق کی پامالی جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے،فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں سے انحراف کیا جا رہا ہے ،ایسی پیچیدہ صورتحال میں عالمی و علاقائی پارلیمانوں کا کردار نہایت اہم اور فیصلہ کن ہے۔

جمعرات کو یہاں پارلیمانی سپیکرز کی چھٹی عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے موجودہ عالمی چیلنجز، پارلیمانوں کے کردار اور پاکستان کے عزم پر تفصیلی روشنی ڈالی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بہتر مستقبل کی جانب بڑھنے کے لئے یہ بین الاقوامی پلیٹ فارم انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ دنیا اس وقت پھیلتے ہوئے تنازعات، بڑھتے ہوئے اقتصادی عدم استحکام، موسمیاتی تبدیلیوں، عدم مساوات اور انسانی حقوق کی پامالی جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا میں عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد کا فقدان بڑھتا جا رہا ہے جبکہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور انسانی اقدار کی پامالی کے واقعات بھی رونما ہو رہے ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں سے انحراف کی طرف چیئرمین سینیٹ نے عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ 75 برس سے حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایسی پیچیدہ صورتحال میں عالمی و علاقائی پارلیمانوں کا کردار نہایت اہم اور فیصلہ کن ہے، پاکستان کی پارلیمان نے ہمیشہ امن، ترقی اور بین الپارلیمانی تعاون کا پرچار کیا ہے، ایوان بالا نے خواتین اور نوجوانوں کی بھرپور نمائندگی کو یقینی بنایا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے اپنے دورِ وزارتِ عظمیٰ میں شروع کئے گئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان کا ایک مثالی سماجی تحفظ کا نظام ہے جس کا مقصد غربت کے خاتمے اور محروم طبقات کو سہارا دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ بطور چیئرمین سینیٹ اور بانی چیئرمین انٹر پارلیمنٹری سپیکرز کانفرنس، پارلیمانی سفارتکاری کو خاص اہمیت دیتے ہیں اور پارلیمانوں کے مابین روابط کو مشترکہ چیلنجز کے حل کے لئے ناگزیر سمجھتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان رواں برس 11 اور 12 نومبر کو اسلام آباد میں سپیکرز کانفرنس کی میزبانی کرے گا اور اس موقع پر انہوں نے تمام پارلیمانی سربراہان کو کانفرنس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جنیوا میں منعقدہ یہ عالمی کانفرنس انصاف، امن اور مساوات کے فروغ میں معاون و موثر ثابت ہوگی۔ چیئرمین سینیٹ نے کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے مابین قیامِ امن کے لیے ملائیشیا کے کردار کو سراہا، جبکہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر منتظمین اور متعلقہ حکام کی کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔