طارق حمید قرہ کا جموں وکشمیر کی ریاستی شناخت کی بحالی کےلئے 3ہفتے کے احتجاجی پروگرام کا اعلان

جمعہ 1 اگست 2025 17:15

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں انڈین نیشنل کانگریس کے صدر طارق حمید قرہ نے مقبوضہ علاقے کی مکمل ریاستی شناخت کی بحالی کےلئے تین ہفتے کے احتجاجی پروگرام کا اعلان کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق طارق حمید قرہ نے سرینگر میں میڈیا سے گفتگو میں ریاستی شناخت کی بحالی کےلئے آج (جمعہ ) سے تین ہفتے کے احتجاج کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس عرصے کے دوران مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے،5اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا جب مودی حکومت نے غیر قانونی طورپر جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کر دی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی پروگرام کا آغازایک عوامی رابطہ مہم کے ساتھ ہوگا،جو4اگست تک جاری رہے گی ۔ 5اگست کو کانگریس مودی حکومت کی طرف سے دفعہ370کی غیر قانونی منسوخی کے موقع پر یوم سیاہ منائے گی۔ 9تا 20اگست تک مختلف مقامات پر بھوک ہڑتال کی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ ہمارا احتجاج 21اگست کو ایک بڑے عوامی اجتماع کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔