Live Updates

امریکہ سے تجارتی معاہدہ کر کے پاکستانی حکومت نے نقصان کا سودا کیا ہے،پاسبان

جمعہ 1 اگست 2025 19:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکریٹری اقبال ہاشمی نے اسٹیئرنگ کمیٹی کی میٹنگ میں امریکہ سے ہونے والے تجارتی معاہدے کے مضمرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ سے تجارتی معاہدہ یک طرفہ ہے۔ پاکستان نے نقصان کا سودا کیا ہے۔ امریکہ سے خام تیل برآمد کرنا ٹرانسپورٹ کی وجہ سے مہنگا ثابت ہوگا۔

اس قیمت پر سعودی عرب سے قابل استعمال تیل منگوا یا جا سکتا ہے۔ وزیر اعظم اور وزیر خزانہ بتانا پسند فرمائیں گے کہ اس احمقانہ معاہدے پر بغلیں کیوں بجائی جا رہی ہیں اگر دھونس و دھاندلی کی وجہ سے دستخط کئے ہیں تو کم از کم چپ بیٹھیں۔ ناکامی کو کامیابی بنا کر نہ پیش کریں۔ پاکستان اگر امریکہ سے خام تیل خرید رہا ہے تو امریکی کمپنیاں پاکستان میں تیل کیوں دریافت کریں گی الٹے بانس بریلی کی حکومت منطق سمجھائے گی۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ صاف صاف بتائیں کہ وہ اب کیا گروی رکھ کر آئے ہیں اس معاہدے سے کویت اور دوسرے خلیجی ممالک سے معاہدوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ لمبی سپلائی چین پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔ پاکستان کو اسٹوریج کی صلاحیت میں بھی اضافہ کرنا ہوگا۔ آئل سپلائی پاکستان کی معیشت کی بلڈ لائن ہے۔ کسی وجہ سے اگر یہ سپلائی متاثر ہوئی تو قریبی ممالک سے انتظام کرنے میں وقت لگے گا۔

عرب ممالک تاخیر سے ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کرتے ہیں۔ ایل سی کھولنے کی صورت میں ڈالر کا ذخیرہ زیادہ مدت کے لئے بینک کو مہیا کرنا ہوگا۔ یہ بھی نہیں معلوم ہے کہ امریکی خام تیل کی کیمیائی خواص کیا ہیں پاکستانی ریفائنریوں کو کیا اقدامات اٹھانے ہوں گی انیس فیصد ڈیوٹی مرتا کیا نہ کرتا کے مصداق قبول کرکے حکومتی سطح پر شادیانے بجائے جا رہے ہیں۔

پاکستان کو اپنی برآمدات پر 1.2 بلین ڈالر ٹیکس ادا کرنا ہوگا جس کی وجہ سے ٹیکسٹائل کی صنعت مسابقت کے قابل نہیں رہے گی۔ ڈیوٹی کی وجہ سے چاول کی برآمدات بھی متاثر ہوں گی۔ مجموعی طور پر پاکستان پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کرنا ہوگا۔ برآمدات متاثر ہوں گی۔ مہنگائی اور بیروزگاری میں بھی اضافہ ہوگا جس سے غربت کی سطح پچاس فیصد سے اوپر چلی جائے گی۔امریکہ طے کر رہا ہے کہ کون سے ممالک کیا صنعتی پیداوار کر سکتے ہیں۔ معاشی غلامی جدید دور کی اسیری ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات