رئیس الجامعہ اسلامیہ یونیورسٹی کا دورہ ریڈیو پاکستان بہاولپور ،’’پاکستان اسٹوڈیو“ اور ”آزادی اسٹوڈیو“ کا افتتاح کیا

جمعہ 1 اگست 2025 20:10

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں بھارتی میڈیا کی پروپیگنڈا مہم کو افواجِ پاکستان نے سیسہ پلائی دیوار بن کر ناکام بنایا، اس اہم محاذ پر ریڈیو پاکستان کا کردار بھی شاندار اور قابلِ تحسین رہا جو ہر لمحہ عوام کی آواز بن کر سچائی کا پرچم بلند کرتا رہا۔

ریڈیو پاکستان بہاولپور کی پچاس سالہ نشریاتی خدمات ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریڈیو پاکستان بہاولپور میں جشنِ آزادی 2025 کی تقریبات کے باقاعدہ آغازکے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے ریڈیو پاکستان بہاولپور میں ”پاکستان اسٹوڈیو“ اور ”آزادی اسٹوڈیو“ کا افتتاح کیا اور قومی شجرکاری مہم کے تحت ریڈیو پاکستان بہاولپور کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔

قبل ازیں انہوں نے ریڈیو پاکستان کی فوٹو گیلری کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے سینئر براڈ کاسٹرز سے ملاقات کے دوران میں ماضی کی نشریاتی روایتوں، تحریکِ آزادی میں ریڈیو کے کردار اور جدید میڈیا چیلنجز پرتبادلہ خیال کیا۔ اسٹیشن ڈائریکٹر سجاداحمد بری نے علم و ادب اور تہذیب وثقافت کے فروغ میں ریڈیو بہاولپور کی پچاس سالہ خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ نشرگاہ براڈکاسٹنگ کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہے اور ہم اپنی شان دار روایات کا یہ تسلسل جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان بہاولپور کی اسلامیہ یونیورسٹی کے ساتھ اشتراک کی ایک تاریخ ہے، ہم ہر سال میڈیا اسٹڈیز کے طالب علموں کو اپنے ادارے میں انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرتے ہیں اور یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ ہماری نشریات کا حصہ بنتے رہتے ہیں۔