شہید حوالدار غفار مغل کی عظیم قربانی پر سردار عتیق احمد خان کا خراجِ عقیدت

جمعہ 1 اگست 2025 21:49

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے شہید حوالدار غفار مغل کی شہادت کو وطنِ عزیز کے لیے لازوال قربانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی لازوال قربانیاں قوم کی شاندار شناخت اور فخر کا منبع ہیں۔سردار عتیق احمد خان نے اپنے بیان میں کہا پاک فوج کا جوان حوالدار غفار مغل وطن عزیز کی حفاظت کے دوران وزیرستان میں فرض کی ادائیگی کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر کے ہم سب کے دلوں میں ایک امر مثالی قربانی کا نصبِ العین چھوڑ گیا۔

اس کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، وہ تاریخِ پاکستان میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا''شہید کی نمازِ جنازہ میں پاک فوج، سول سوسائٹی، رشتہ داروں اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے ثابت کیا کہ پاکستان کے بیٹوں کی قربانیاں پوری قوم کے دلوں میں گھر کر چکی ہیں۔

(جاری ہے)

ہم ان خونی رشتوں کو فراموش نہیں کریں گے جو اپنے وطن کے لیے اپنے لہو سے قائم کیے گئے۔

''سردار عتیق احمد خان نے دعا کی کہ''اللّٰہ تعالیٰ شہید حوالدار غفار مغل کو اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل سے نوازے۔ ان کے اہلِ خانہ کو وہ طاقت دے جس سے وہ اس کو سہہ سکیں۔شہداء کے فلسفے کو زندہ رکھیں، قومی اتحاد کو مضبوط کریں اور پاک فوج کے ساتھ ہراول دستے کی طرح کھڑے رہیں جو ہر لمحہ وطن کے دفاع میں مصروف عمل ہے۔