حکومت ہیپاٹائٹس کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنارہی ہے ، مصطفیٰ کمال

جمعہ 1 اگست 2025 22:30

حکومت ہیپاٹائٹس کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنارہی ہے ، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس سی صحت عامہ کے عالمی چیلنجوں میں سے ایک ہے، وزیر اعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمہ کے پروگرام کے تحت موثر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارتِ صحت، عالمی ادارہ صحت اور شراکت داروں کے تعاون سے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمہ کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان ہیپاٹائٹس کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنارہی ہے ، ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کیلئے وزیراعظم کا قومی پروگرام شروع کیا جاچکا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جس کا مقصد 2030ء تک 165 ملین سے زیادہ لوگوں کی سکریننگ کرنا اور تمام مثبت کیسز کا مفت علاج کرنا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی لوگوں کو بیمار ہونے سے بچانا اولین ترجیح ہے، یہ صرف ایک موقع نہیں بلکہ ایک عہد اور ایک مشن ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ عوام کی صحت کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کے نظامِ صحت کو مضبوط بنانے کے لئے حکومت ایک جامع اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، جب بات عوام کی صحت کی ہو تو ہمیں وہ سب کچھ آج ہی کرنا ہوگا جو کل کرنا چاہئے تھا، انسانی جانوں کو بچانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر سکریننگ، بروقت تشخیص اور مؤثر علاج کے ذریعے ہی ہم صحت کے نظام کو بہتر بنا سکتے ہیں۔