پاکستان میں متبادل نظامِ انصاف کے فروغ کیلئے آئی ایم اے سی اور مدینہ فائونڈیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعہ 1 اگست 2025 22:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2025ء) انٹرنیشنل میڈی ایشن اینڈ آربیٹریشن سینٹر آئی ایم اے سی جو وفاقی وزارتِ قانون و انصاف کے زیرِ انتظام قائم کیا گیا ایک ادارہ ہے، اور مدینہ فانڈیشن کے درمیان آج وزارتِ قانون و انصاف، اسلام آباد میں ایک باوقار تقریب کے دوران مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ یہ معاہدہ پاکستان میں متبادل نظامِ انصاف کے میدان میں ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

تقریب میں وزارتِ قانون و انصاف کے سینئر افسران خشی الرحمان، اویس نعمان کنڈی، ڈاکٹر ذوالفقار حسین اعوان، جام عمیر احمد، اور خرم شہزاد مغل نے شرکت کی۔ مدینہ فانڈیشن کی نمائندگی ڈاکٹر محمد ابوبکر، خالد محمود، حامد محمود اور عرفان الدین محسود نے کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری وزارتِ قانون و انصاف راجہ نعیم اکبر نے تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔

انہوں نے دسمبر 2024ء میں آئی ایم اے سی کے قیام کے بعد سے اب تک کی پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ادارے نے اب تک 600سے زائد اسٹیک ہولڈرز کو تربیت فراہم کی ہے، جن میں ججز، وکلا، سول سرونٹس، اور کاروباری رہنما شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موجودہ عدالتی نظام مقدمات کے بوجھ، عدالتی تاخیر، اور مہنگے عدالتی عمل کے باعث شدید دبا کا شکار ہے۔

ان حالات میں اے ڈی آر ایک بروقت، کم لاگت، اور عوام دوست متبادل کے طور پر ابھرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت صرف ایک رسمی اقدام نہیں بلکہ ملک بھر میں اے ڈی آر کو ادارہ جاتی بنیادوں پر رائج کرنے کی ایک حکمت عملی پر مبنی سنگِ میل ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وزارتِ قانون و انصاف، آئی ایم اے سی کو اس وژن کی تکمیل میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

عائشہ رسول، سینئر کنسلٹنٹ وزارتِ قانون و انصاف اور پراجیکٹ ڈائریکٹر آئی ایم اے سی نے مدینہ فانڈیشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت اے ڈی آر کو ادارہ جاتی، پیشہ ورانہ، اور کمیونٹی سطح پر فروغ دینے میں معاون ہوگی۔ انہوں نے اس شراکت داری کو اس بات کی بہترین مثال قرار دیا کہ پبلکپرائیویٹ تعاون کس طرح بامعنی قانونی اصلاحات اور سماجی انصاف کے فروغ میں کردار ادا کر سکتا ہے۔

مدینہ فانڈیشن کے چیئرمین محمد حیدر امین نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور فانڈیشن کی قانونی شعور، تعلیم، اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ میں طویل خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ آئی ایم اے سی کے ساتھ شراکت داری سے پیشہ ورانہ اور کمیونٹی سطح پر انصاف تک رسائی کو فروغ ملے گا۔اس معاہدے کے تحت، دونوں ادارے اے ڈی آر سے متعلق تربیتی پروگرامز، قانونی ماہرین کی استعداد کار میں اضافہ، مشترکہ تحقیق، اور عوامی آگاہی کی سرگرمیوں میں باہمی تعاون کریں گے تاکہ پاکستان میں پرامن تنازعاتی حل کی ثقافت کو فروغ دیا جا سکے۔