نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کی ایران کے وزیر خارجہ سے ملاقات ، قیادت کی سطح پر زیرِ بحث آنے والے اہم امور پر ابتدائی گفتگو کی

ہفتہ 2 اگست 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2025ء) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار، نے ہفتہ کو اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی، قیادت کی سطح پر زیرِ بحث آنے والے اہم امور پر ابتدائی گفتگو کی۔ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کے وفد کا حصہ ہیں، جو 2-3 اگست 2025 کو پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔

(جاری ہے)

اس ملاقات میں دونوں اطراف نے قیادت کی سطح پر زیرِ بحث آنے والے اہم امور پر ابتدائی گفتگو کی۔ ان کلیدی امور میں علاقائی ترقی، دوطرفہ تجارت اور رابطہ کاری، توانائی کے شعبے میں تعاون اور باقاعدہ مشاورت اور ہم آہنگی کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے کے امور شامل ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مسلسل مکالمے، معاشی اور سکیورٹی کے امور پر تعاون کو بڑھانے، اور عوام سے عوام کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔\932