اسلام آبادٹریفک پولیس کی جانب سے غیر ملکی مہمان کے دورے کے دوران شہریوں کی نقل و حمل کو برقرار رکھنے کیلئے ایڈوائزری جاری

اتوار 3 اگست 2025 00:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے غیر ملکی مہمان کے دورے کے دوران شہریوں کی نقل و حمل کو برقرار رکھنے کے لئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی ۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق غیر ملکی مہمان کے دورے کے پیشِ نظر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہر کے اہم علاقوں میں ٹریفک کے انتظامات میں عارضی تبدیلیاں کی ہیں۔

سرینا ہوٹل کے فرنٹ سائیڈ روڈ کو تاحکمِ ثانی عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ سرینا ہوٹل اور ریڈ زون جانے والی ٹریفک کے لیے کشمیر چوک سے بائیں مڑ کر سیونتھ ایونیو اور ایمبیسی روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

آبپارہ سے آنے والی ٹریفک کو سہروردی روڈ، ایمبیسی روڈ، نادرا چوک اور ریڈیو پاکستان چوک کے ذریعے اپنا سفر جاری رکھنے کا کہا گیا ہے۔

سری نگر ہائی وے سے آنے والی ٹریفک کو ایمبیسی روڈ اور نادرا چوک کے راستے سرینا ہوٹل یا ریڈ زون جانے کی سفارش کی گئی ہے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی رہنمائی کے لیے اپنے اہلکاروں کو تعینات کر دیا ہے۔ مزید معلومات کے لیے شہری ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں یا اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو فالو کر سکتے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ دی گئی ہدایات پر عمل کریں تاکہ غیر ملکی مہمان کے دورے کے دوران ٹریفک کے نظام کو بہتر طریقے سے چلایا جا سکے۔ عارضی تبدیلیوں کے باعث ممکنہ تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں۔