ہری پور پولیس کی جانب سے شہدائے پولیس کو سلام عقیدت پیش کرنے کے لیے ریلی نکالی گئی

اتوار 3 اگست 2025 12:00

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) ہری پور پولیس نے شہدائے ہری پور پولیس کو سلام عقیدت پیش کرنے کے لیے ریلی کا انعقاد کیا۔ ہری پور پولیس کے مطابق ریلی میں ڈی ایس پی سٹی منیر خان، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد طفیل، ایس ایچ اوز، انچارج ٹریفک، سول سوسائٹی، ینگ تاجر گروپ، اے ٹی اے اور پولیس افسران و جوانوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ریلی شیرانوالہ گیٹ سے شروع ہو کر پولیس شہداء کیمپ چمن پارک میں اختتام پذیر ہوئی۔ مقررین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے امن و امان کو قائم رکھنے کے لیے آئی جی سے لے کر کنسٹیبل تک اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں، شہیدوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا، شہدائے پولیس کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ بعد ازاں ملک پاکستان میں امن و امان سلامتی اور شہدائے پولیس کے بلند درجات کے لیے حصوصی دعا بھی کی گئی۔