Live Updates

عمران خان کی رہائی میں سب سے بڑی رکاوٹ موجودہ پی ٹی آئی قیادت ہے،صلاح الدین یوسفزئی

اتوار 3 اگست 2025 19:00

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے صوبائی ترجمان صلاح الدین یوسفزئی نے الزام عائد کیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی میں سب سے بڑی رکاوٹ خود پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ قیادت ہے، جو نہ صرف ان کے احکامات کو نظرانداز کر رہی ہے بلکہ دانستہ طور پر ان کی سیاسی پوزیشن کو بھی کمزور کر رہی ہے۔

ایک بیان میں صلاح الدین یوسفزئی نے انکشاف کیا کہ 8 فروری 2024 کے انتخابات کے بعد اڈیالہ جیل سے عمران خان نے اپنے وکلا کے ذریعے پیغام بھجوایا تھا کہ محمود خان کے ساتھ بات چیت کر کے پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں کو پارلیمنٹرین میں شامل کیا جائے تاکہ مخصوص نشستیں حاصل کی جا سکیں۔ تاہم عمران خان نے اس میں یہ شرط رکھی تھی کہ پرویز خٹک کو پارٹی سے الگ کیا جائے کیونکہ وہ ان کے لیے قابلِ قبول نہیں تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے پرویز خٹک کو پارٹی سے الگ کر دیا گیا اور محمود خان کو پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کا چیئرمین بنا دیا گیا۔ پارٹی میں تنظیم نو کا عمل مکمل ہو چکا تھا، مگر بدقسمتی سے موجودہ پی ٹی آئی قیادت کے بعض "قابض عناصر" نے عمران خان کے احکامات کو نظرانداز کیا اور سنی اتحاد میں شمولیت اختیار کی، جس کی نہ خود کوئی صوبائی نشست تھی اور نہ ہی وہ مخصوص نشستیں دلوانے کی پوزیشن میں تھے۔

صلاح الدین یوسفزئی کے مطابق اس فیصلے سے نہ صرف پارٹی بلکہ خود عمران خان کو سیاسی طور پر نقصان پہنچا، اور ان کی جیل سے رہائی کی راہ میں بھی مزید رکاوٹیں کھڑی ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی پی ٹی آئی کے اندر موجود کمپرومائز قیادت عمران خان کی رہائی اور اصل بیانیے کی راہ میں حائل ہے، اور کارکنان کو چاہیے کہ وہ ان چہروں کو پہچانیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین خیبرپختونخوا اسمبلی میں مثر نمائندگی کر رہی ہے، جبکہ مرکزی چیئرمین محمود خان اور صوبائی صدر سید حبیب علی شاہ پارٹی کو گراس روٹ لیول پر فعال اور منظم کرنے میں مصروف ہیں، اور ان کوششوں کے نتائج بہت جلد عوام کے سامنے آئیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات