ڈی ایس لاہور کا بادامی باغ ریلوے اسٹیشن کا دورہ

اتوار 3 اگست 2025 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) ریلوے لاہور انعام اللہ نے بادامی باغ ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا۔ اتوار کو دورے کے دوران ڈی ایس نے ریلوے کے کارگو کنٹریکٹرز کے گوداموں، کمرشل ریکارڈ اور پراپرٹی و لینڈ برانچ کی نیلامی کے لیے مختص اراضی کا تفصیلی معائنہ کیا۔ڈی ایس لاہور نے ہدایات جاری کیں کہ نیلامی کا عمل پاکستان ریلوے کے قواعد و ضوابط کے مطابق فوری طور پر مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کمرشل ریکارڈ کی جانچ کے دوران عملے کو متنبہ کیا کہ کنٹریکٹرز کی جانب سے الاٹ شدہ جگہ سے زائد اراضی پر قبضے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔معائنے کے دوران پانچ کارگو کنٹریکٹرز کو اضافی کھلی جگہ پر غیر قانونی قبضہ کرنے پر موقع پر جرمانے کیے گئے۔ ڈی ایس نے واضح کیا کہ ریلوے کی قیمتی اراضی کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔بعد ازاں ڈی ایس لاہور نے اسسٹنٹ اسٹیشن ماسٹر کے دفتر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے (سی بی آئی)سیگنلنگ سسٹم کی کارکردگی، مختلف رجسٹرز اور سابقہ انسپیکشن رپورٹس کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام انسپیکشنز بامقصد اور نتائج پر مبنی ہوں تاکہ نظام میں بہتری لائی جا سکے۔