Live Updates

عمران خان اس وقت ایک سیاسی اسیر ہیں، جنہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،پیر مصورخان

اتوار 3 اگست 2025 20:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اس وقت ایک سیاسی اسیر ہیں، جنہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ عمران خان اور دیگر پارٹی قیادت کے خلاف بنائے گئے تمام مقدمات بے بنیاد اور جھوٹے ہیں، جنہیں فی الفور ختم کیا جائی .ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل درگئی میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیئرمین تحصیل درگئی پیر اسلام غازی، الحاج شیر بہادر خان، پارٹی کے دیگر رہنما اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔پیر مصور خان نے کہا کہ 5 اگست کو ہونے والے تحریک انصاف کے پرامن احتجاج میں کارکنان بھرپور شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

درگئی کے کارکنان ماضی کی طرح اس بار بھی عمران خان کی رہائی کے لیے پرامن انداز میں آواز بلند کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ضروری ہے کہ عمران خان کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ پاکستان تحریک انصاف وفاق اور پنجاب کی اکثریتی سیٹوں والی سیاسی جماعت ہے لیکن حکومت نے عوامی مینڈیٹ کو چوری کر کے اقتدار حاصل کیا۔ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، پیٹرول اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں،معاون خصوصی پیر مصور خان نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے قانونی جنگ کے ساتھ ساتھ پرامن سیاسی جدوجہد بھی جاری رہے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات