ٹی ایم سیز کے ریٹائر ووفات پاجانے والے ملازمین کی پینشن کی ادائیگی نہ کرکے توہین عدالت کی ہے، سجن یونین

ریٹائر ملازمین کو کسی صورت مایوس نہیں کریں گے،احتجاج ہمارا آئینی حق ہے اسے پینشن کی ادائیگی شروع ہونے تک استعمال کیا جائے گا،سید ذوالفقار شاہ

اتوار 3 اگست 2025 20:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)سجن یونین سی بی اے کے ایم سی ،میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس اورآل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے صوبائی صدر سید ذوالفقارشاہ نے کہا ہے کہ آئین کے تحت ہر شہری کو پرامن احتجاج کا آئینی حق حاصل ہے۔جسے ٹی ایم سیز کے ریٹائر ملازمین کی پینشن شروع ہونے تک استعمال کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر اس ماہ بھی ٹی ایم سیز کے ریٹائر ملازمین کی پینشن ادا نہ کرنے پر ملاقات کیلیے آنے والے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہمیں ریٹائر ہوئے دوسال کا عرصہ گزر گیا ہے لیکن ہماری پینشن تاحال عدالتی احکامات کے باوجود ابھی تک ادا نہیں کی گئی۔جس سے ہمیں مالی وسماجی مسائل کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

بچوں وبچیوں کی شادی،اپنا مکمل علاج معالجہ کرنے سمیت متعدد مسائل درپیش ہیں۔آپ ریٹائر ملازمین کی امید کی کرن ہیں۔آپ نے ہمیں مایوسی میں سہارا دیکر ہم 1800 سے زائد ریٹائر ملازمین و بیواؤں کے کیسز پر کاروائیوں کو حمتی شکل دلوائی ہے۔لیکن اب جبکہ ہمارے پینشن کیسز مکمل ہوچکے ہیں۔لیکن ایکبار پھر کے ایم سی نے عدالتی حکم کا سہارا لیکر لوکل گورنمنٹ،فنانس ڈیپارٹمنٹ کو فنڈز کے لیے لیٹرز تحریر کردیئے ہیں۔

جبکہ ٹی ایم سیز،کے ایم سی،لوکل گورنمنٹ اور فنانس ڈیپارٹمنٹ جان بوجھ کر پینشن ادائیگی میں تاخیر کرکے توہین عدالت کررہے ہیں۔جس پر یونین کے توسط سے پہلے مرحلے میں گریڈ ایک اور گریڈ دو کے ریٹائر سینیٹیشن اسٹاف کی توہین عدالت کی درخوادت دائر کردی ہے۔جس پر اسی ہفتے سماعت ہوگی۔سید ذوالفقارشاہ نے وفود کو یقین دلایا کہ انشا اللہ انہیں مایوس نہیں کریں گے اور جلد ٹی ایم سیز کے ریٹائر ملازمین کی پینشن کا آغاز کیا جائے گا۔کیونکہ SOP کے تحت کالعدم ڈی ایم سیز سے ہرماہ 39 کروڑ 97 لاکھ کی کٹوتی 2016 سے کے ایم سی نے لی ہے۔ توہین عدالت کی کاروائی میں اس فنڈ کا حساب بھی لیا جائے گا۔