یوٹیلیٹی اسٹور کی ممکنہ بندش و ڈیلی ویجز و کانٹریکٹ ملازمین کو جبری معطل و تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ

اتوار 3 اگست 2025 20:55

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)یوٹیلیٹی اسٹور کی ممکنہ بندش و ڈیلی ویجز و کانٹریکٹ ملازمین کو جبری معطل و تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف ملازمین کی بڑی تعداد نے سکھر پریس کلب کے سامنے آل پاکستان نیشنل ورکرز یونین سی بی اے کے مرکزی نائب صدر عبدالقیوم برڑو ، ماجد کھوسہ ، فہیم انصاری ، عرفان بھٹی فیصل راجپوت و دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعریبازی کی ، اس موقع پر ملازمین نے ہاتھوں میں مذمتی و مطالباتی تحریری پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ، اس موقع پر مذکورہ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ 1971میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کا قائم کردہ ادارہ یوٹیلیٹی اسٹور ز کو بند کرنے کی سازش کر کے ملازمین کو بے روزگار کیا جارہا ہے جو سراسر ظلم و زیادتی ہے ادارہ گذشتہ54سالوں سے ملک کی عوام کو ریلیگ پیکج کے تحت سستی اشیاء فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کررہا ہے لیکن اسے بند کر کے ملازمین کو بے دخل کیا جارہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، مذکورہ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹور کی ممکنہ بندش و ڈیلی ویجز و کانٹریکٹ ملازمین کو جبری معطل و تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف اسلام آباد ہیڈ کواٹر کے سامنے بھی احتجاجی مظاہرے و دھرنا دیا گیا تھا اب بھی ملازمین کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ یوٹیلیٹی اسٹور کی ممکنہ بندش و ڈیلی ویجز و کانٹریکٹ ملازمین کو جبری معطل و تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا نوٹس لیکر ملازمین کے جائز حقوق فراہم کئے جائیں بصورت دیگر احتجاجی سلسلہ جاری رہے گا ۔