کشمیری عوام کی آواز پوری دنیا تک پہنچائی جائیگی ،پاکستانی قوم اس مسئلے کے منصفانہ حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے ،اصغر خان اتمانخیل

اتوار 3 اگست 2025 22:00

لورالائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)چیئرمین ضلع کونسل اصغر خان اتمانخیل کی ہدایت پربروز منگل 5 اگست کو یومِ استحصال کی تیاریوں کے حوالے سے پورے لورالائی شہر کو خوبصورت بینرز سے سجا دیا گیا ہے جس پر یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے مختلف نعرے درج ہیں اس موقع اصغر خان اوتمانخیل نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ اس دن کو مؤثر طور پر منانے کے لیے محنت اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔

اس موقع پر ضلع کونسل کے چیئرمین اصغرخان اوتمانخیل نے لورالائی پریس کلب کے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی آواز پوری دنیا تک پہنچائی جائے گی اور پاکستانی قوم جموں و کشمیر کے مسئلے کے منصفانہ حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔اصغرخان اوتمانخیل نے تمام متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ یومِ استحصال کو مؤثر انداز میں منانے کے لیے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں اور عوام کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد بھارت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین، کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مکمل خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال یومِ استحصال کی اہمیت پاکستان کی بنیان المرصوص میں کامیابی کی وجہ سے کئی گنا بڑھ گئی ہے۔اصغرخان اوتمانخیل نے کہا کہ پاکستان بہادر کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی میں کھڑا ہے، جو بھارتی قابض افواج کے ظلم و ستم، امتیازی سلوک اور ناانصافی کے باوجود پاکستان سے الحاق کے اپنے خواب کی تکمیل کے لیے تاریخی جدوجہد کر رہے ہیں۔