Live Updates

لاہور احتجاجی ریلی؛ تحریک انصاف کے 6 اراکین پنجاب اسمبلی گرفتار

پولیس پر ریلی میں شامل گاڑیوں پر ڈنڈے مار کر شیشے توڑنے کا الزام ، عالیہ حمزہ کے زخمی ہونے کی اطلاع

Sajid Ali ساجد علی منگل 5 اگست 2025 12:20

لاہور احتجاجی ریلی؛ تحریک انصاف کے 6 اراکین پنجاب اسمبلی گرفتار
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اگست 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں احتجاجی ریلی کے دوران تحریک انصاف کے 6 اراکین پنجاب اسمبلی کو گرفتار کرلیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کی گرفتاری کو دو سال ہونے پر دی گئی احتجاج کی کال کے موقع پر آج 5 اگست کو پی ٹی آئی کی طرف سے لاہور میں مختلف مقامات پر ریلیاں نکالی گئیں، لاہور میں نکالی جانے والی پی ٹی آئی کی ایک ریلی سے 6 اراکین پنجاب اسمبلی کو گرفتار کرلیا گیا، ان میں پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی، ایم پی اے فرخ جاوید مون سمیت 6 اراکین صوبائی اسمبلی شامل ہیں۔

تحریک انصاف کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ لاہور میں پولیس نے احتجاجی ریلی میں شامل گاڑیوں پر ڈنڈے مار کر شیشے توڑ دیئے، ان میں چیف آرگنائزر پی ٹی آئی پنجاب عالیہ حمزہ ملک کی گاڑی بھی شامل ہے، جاتی عمرہ پائن ایونیو کے قریب پی ٹی آئی کی ریلی کے موقع پر عالیہ حمزہ کی پولیس کے ساتھ مدبھیڑ ہوئی، جس پر مبینہ طور پر پولیس نے ڈنڈے برسائے اور گاڑی کی سکرین توڑ دی، اس دوران عالیہ حمزہ کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رہنماء اظہر مشوانی کا کہنا ہے کہ لاہور میں پی ٹی آئی کی احتجاجی ریلی پر پولیس کا کریک ڈاؤن متعدد کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا، لاہور سے 300 سے کارکنان کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں، لاہور پولیس پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔ صدرپی ٹی آئی لاہور امتیاز شیخ نے کہا کہ لاہور کے تمام حلقوں میں احتجاج کی تیاریاں مکمل ہیں، لاہور میں آج یوم سیاہ کے طور پر بھرپور احتجاج ہوگا، پی ٹی آئی کے تمام ٹکٹس ہولڈر اور کارکنوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اپنے حلقوں میں احتجاج کریں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات