خیبر ،یوم شہداپولیس کے حوالے سے تقریب

پیر 4 اگست 2025 14:34

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اگست2025ء) خیبر میں یوم شہداپولیس کے حوالے سےتقریب منعقد ہوئی۔پولیس کے مطابق یادگار شہدا پر سلامی پیش کی گئی اور چراغاں کا اہتمام کیا گیا ،جس میں ڈی پی او خیبر رائے مظہر اقبال، پولیس افسران، اور شہداکے لواحقین نے شرکت کی۔تقریب کے دوران شہدا کی یادگار پر پھول چڑھائے گئے جبکہ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

ڈی پی او رائے مظہر اقبال نے شہدا کے بچوں اور ورثاسے ملاقات کی اور ان کی تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔اپنے خطاب میں ڈی پی او خیبر نے کہا کہ یوم شہدامنانے کا مقصد اُن بہادر افسران و سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے مادر وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پولیس کے شہدانے بہادری اور شجاعت کی لازوال داستانیں رقم کیں، جن کی قربانیوں کے باعث آج ملک میں امن قائم ہے۔

(جاری ہے)

پولیس شہداکی فیملیز کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ہر غم و خوشی میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ شہداکے لواحقین کی ہر ممکن مدد اور مسائل کا حل محکمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔آخر میں شہداکے بلند درجات اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔پاکستان زندہ باد خیبرپختونخوا پولیس زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔