دفعہ 370 اور آرٹیکل 35 اے کا خاتمہ کشمیریوں کی شناخت، تشخص اور بنیادی حقوق پر حملہ ہے،خواجہ محمد امتیاز

آج دنیا بھر میںکشمیری پانچ اگست کو یومِ استحصال کے طور پر منا کر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں

پیر 4 اگست 2025 17:06

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2025ء)ممبر ضلع کونسل یونین کونسل راجپیاں، حلقہ نمبر 1 کوٹلہ مظفرآباد خواجہ محمد امتیاز نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے دفعہ 370 اور آرٹیکل 35 اے کا خاتمہ کشمیریوں کی شناخت، تشخص اور بنیادی حقوق پر حملہ ہے، جسے کشمیری عوام نے پہلے بھی مسترد کیا تھا اور آئندہ بھی کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ''پانچ اگست 2019ء کا دن کشمیریوں کے لیے یوم سیاہ ہے۔ بھارت نے کشمیریوں کو ان کی زمین، ملازمت، شہریت اور قانونی تحفظ سے محروم کر کے ایک نئی استعماری روش اپنائی ہے، جس کا مقصد کشمیر کی مسلم اکثریتی حیثیت کو ختم کرنا ہے۔''خواجہ محمد امتیاز نے کہا کہ کشمیریوں نے ہمیشہ قربانیاں دے کر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ اپنی آزادی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں کشمیری پانچ اگست کو یومِ استحصال کے طور پر منا کر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ **بھارت کی جانب سے کشمیریوں کے خلاف کی جانے والی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے میں عملی کردار ادا کریں خواجہ محمد امتیاز نے مزید کہا کہ ''کشمیر کے نوجوان، بزرگ، مائیں اور بہنیں سب اس جدوجہد میں برابر کے شریک ہیں۔